سیاسی قیادت کا میڈیا ٹرائل اور انتقامی کارروائیاں جمہوری اقدار کے منافی ہیں بلوچستان کے وسائل پر عوام کا اختیار تسلیم کیا جائے، مولانا عبدالواسع


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت کے خلاف ریاستی سطح پر مہم جوئی، میڈیا ٹرائل، بے بنیاد الزامات، انتقامی عدالتی کارروائیاں اور من گھڑت مقدمات کے ذریعے کردار کشی کی کوششیں جمہوری روایات اور آئینی تقاضوں کے منافی ہیں۔ سیاسی اختلاف کو دبانے کے بجائے دلیل، مکالمے اور آئینی طرز عمل کو اختیار کیا جائے۔اپنے مشترکہ بیان میں صوبائی قائدین نے کہا کہ سیاسی قیادت کو دبا میں لانے اور عوامی سطح پر اس کی ساکھ متاثر کرنے کے لیے منفی پروپیگنڈے اور انتقامی ہتھکنڈوں کا استعمال کسی جمہوری معاشرے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ سیاسی اختلاف کا جواب دلیل اور مکالمے سے دیا جانا چاہیے۔ سیاسی شعور اور عوامی اعتماد کو ایسے اقدامات سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ بلوچستان کے عوام اور سیاسی جماعتوں کے لیے قابل قبول نہیں۔ صوبے کے قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر پر یہاں کے عوام کا آئینی و قانونی حق ہے، لہذا کسی بھی قانون سازی یا پالیسی کی تشکیل میں صوبے کی سیاسی قیادت اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اس ایکٹ کو پہلے ہی مسترد کرچکی ہے اور اس کے خلاف احتجاج کے ساتھ اعلی عدلیہ سے بھی رجوع کیا گیا تھا۔ اس موقع پر موجودہ ایکٹ ختم کرکے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نیا قانون متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ ہوا تھا، تاہم حالیہ سیمینار کی سفارشات بھی سیاسی جماعتوں اور عوام کے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ بلوچستان کے وسائل کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی امانت ہیں، اس لیے ان کے حوالے سے فیصلوں میں عوامی مفاد، آئینی اختیار اور صوبائی خودمختاری کو بنیادی اہمیت دی جائے۔صوبائی قائدین نے کہا کہ بلوچستان اس وقت دہشت گردی، انتہاپسندی، قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، ٹرانسپورٹ کو نذر آتش کرنے، افغانستان اور ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کی بندش، بے روزگاری، مہنگائی، معاشی بدحالی، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور لاپتہ افراد سمیت متعدد سنگین مسائل کا شکار ہے۔ وسائل کی لوٹ مار، قبضہ گیری اور مسلح جتھوں کی سرگرمیوں نے بھی معاشرتی زندگی کو متاثر کر رکھا ہے، جبکہ عوام بنیادی سہولیات اور معاشی آسودگی سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا تقاضا ہے کہ تمام جمہوری قوتیں ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی و صوبائی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ حقیقی نمائندگی، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور عوام کے حق حکمرانی کے بغیر سیاسی استحکام ممکن نہیں۔بیان میں ملک بھر کے تمام سیاسی قیدیوں، سیاسی قیادت اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیاسی سرگرمیوں کو جرم قرار دینا اور اختلافی آوازوں کو مقدمات و گرفتاریوں کے ذریعے خاموش کرانا جمہوری معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ تمام شہریوں کو آئین کے تحت حاصل بنیادی حقوق اور قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔صوبائی قائدین نے بتایا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں شامل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو مختلف جماعتوں سے رابطے کرکے انہیں مشترکہ قومی و صوبائی جدوجہد میں شرکت کی دعوت دے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت علما اسلام عوامی حقوق، آئین کی بالادستی، دینی و جمہوری اقدار کے تحفظ، صوبے کے وسائل پر عوامی اختیار اور حقیقی جمہوری نظام کے قیام کے لیے اپنی پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert