جنگ کے بجائے انفرا اسٹرکچر پر رقم لگتی تو امریکا گراؤنڈ اسٹاپ سے بچ جاتا: ایرانی اہلکار


تهران(قدرت روزنامہ)ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار حسن نوریان نے کہا ہے کہ جنگوں کے بجائے انفرا اسٹرکچرپر رقم خرچ کی ہوتی تو امریکا کو ملک بھر میں طیارے ساڑھے چار گھنٹے تک گراونڈ کرنے جیسے بحران کاسامنا نہ کرنا پڑتا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی ایوی ایشن صنعت کو جدید بنانے کے لیے 50 ارب ڈالر درکار ہیں جبکہ امریکا کی جانب سے ایران پر مسلط جنگ پر تقریباً 47 ارب ڈالر کے اخراجات ہونے کا دعویٰ ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار حسن نوریان نے جیونیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ انتطامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کے اربوں ڈالر اور عوامی وسائل اپنے فوجی سامان یا جنگیں لڑنےاور بے گناہ لوگوں کی نسل کشی کے لیے قابض قوتوں کی فوجی معاونت پر خرچ کرنے کی بجائے امریکا کے بنیادی انفرا اسٹرکچر کو جدید اور مضبوط بنانے پر خرچ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی وسائل پر امریکی عوام کا حق ہے اور انہیں امریکی عوام کی زندگیاں بہتر بنانے، عوامی خدمات سے متعلق لازمی سروسز کو جدید بنانے، ایوی ایشن، ٹرانسپورٹیشن، کمیونی کیشن اور ائیر ٹریفک کنٹرول جیسے اہم نظاموں کو مضبوط کرنے پر خرچ کیے جانے چاہئیں۔
حسن نوریان نے کہا کہ ترجیح اس بات کو دی جانی چاہیے کہ امریکی شہریوں کی بہتر دیکھ بھال ہو اور ان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے بجائے اس کے کہ بیرون ملک تنازعات اور فوجی کارروائیوں کی فنانسنگ کی جائے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا کہ اگر امریکا کا داخلی انفرا اسٹرکچر بنانے پر توجہ مرکوز کی جاتی اور وسائل اسے بہتر بنانے پر صرف کیے جاتے تو شاید جمعہ کو پیش آئے گراؤنڈ اسٹاپ جیسے ملک گیر بحران سے بچا جاسکتا تھا۔
اس سوال پر کہ دوران جنگ اور اس کے بعد بھی ایران میں ائیرٹریفک کنٹرول کے ایسے واقعات کیوں نہیں ہوئے، وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا کہ ایران تکنیکی اور انجینئرنگ سروسز میں قیادت کرنیوالے ممالک میں سے ایک ہے۔ یہی نہیں ایران میں انجینئرنگ گریجویٹس کی تعداد غیرمعمولی طور پر انتہائی زیادہ ہے، آبادی کے لحاظ سے ان انجینئرنگ گریجویٹس کا مقابلہ روس، چین اور امریکا سے کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی حکمت عملی یہ بھی رہی ہے کہ صنعتوں کو اپنے طور پر ترقی دی جائے اور داخلی سطح پر ہی تکنیکی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے، یہی وجہ ہے کہ ایران نے کئی سائنسی اور صنعتی میدانوں میں قابل ذکر ترقی کر کے خود کو مضبوط بنایا ہے۔
اس ضمن میں حسن نوریان نے نینو ٹیکنالوجی، بائیو ٹیکنالوجی، کاگنیٹیو سائنسز، ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ، کان کنی اور کئی دیگر صنعتی شعبوں کا ذکر کیا۔
ایوی ایشن صنعت کا ذکر کرتے ہوئے حسن نوریان نے کہا کہ ایرانی سائنسدانوں اور ماہرین نے طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کے شعبوں میں بھی قابل ذکر مہارت حاصل کی ہے۔ سخت عالمی پابندیوں اور پرزہ جات اور تکنیکی سروسز تک رسائی دشوار ہونے کے باوجود پرانے طیاروں کو مینٹین کیا جارہا ہے اور خود انحصاری کا عمل بڑھایا جارہا ہے۔
حسن نوریان کا کہنا تھاکہ سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ ایران نے اس بات کا ثبوت پیش کیا ہے کہ خواہ کتنے ہی دشوار حالات پیدا کردیے جائیں، تعلیم، سائنسی تحقیق، اپنے طور پر ٹیکنالوجی کو بنانے اور نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پروان چڑھا کر ایک ملک اپنے پیروں پر کھڑا ہوسکتا ہے۔
امریکا کی ایوی ایشن صنعت کوپیش آئے بحران کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا کہ امریکا کو طیارہ سازی کی صنعت میں دنیا کا نام نہاد علمبردار کہا جاتا ہے، اس کی ریڈار ٹیکنالوجی اور وسیع تر ائیرلائن نیٹ ورکس کا چرچہ کیا جاتا ہے تاہم اس ملک کو تمام طیارے گراؤنڈ کرنا پڑے۔
حسن نوریان نے کہا کہ امریکا کی اس صورتحال کا ایران پر 47 برسوں سے مسلط پابندیوں سے موازنہ کیاجانا چاہیے جس میں امریکا نے ایران پر دوطرفہ اور عالمی تنظیموں کی مدد سے یکطرفہ پابندیاں عائد کرائیں تاکہ ایرانی ایوی ایشن صنعت کو پروان چڑھنے سے روکا جائے۔
حسن نوریان نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے حال ہی میں ایران کی 47 ائیرلائنز پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ یہی نہیں پچھلے 47 برس سے امریکا نے ایران کو طیاروں اور ایوی ایشن پرزہ جات پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام پابندیوں، چیلنجز اور پرانے طیاروں کے باوجود ایران کی داخلی ایوی ایشن صنعت آپریٹ کر رہی ہے اور اس کے فضائی مواصلاتی نظام کو آج تک ایسے بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا کہ ایرانی ایوی ایشن صنعت پر امریکی پابندیوں کا مقصد نہ صرف اس صنعت کو بحران سے دوچار کرنا تھا بلکہ غیرملکی مسافروں اور سیاحوں کی آمد روکنا اور ایرانیوں کے لیے غیرملکی سفر کو مشکل بنانا بھی تھا، ان پابندیوں سے نہ صرف مریض بیرون ملک علاج کے لیے جانے میں مسائل کا شکار ہوتے ہیں بلکہ سیاح، سائنس دان، محقق اور کاروباری اور مذہبی افراد بھی مسائل کا شکار ہیں۔
یوں کہا جاسکتا ہے کہ امریکا درحقیقت ایرانی عوام کے دنیا سے رابطے محدود بنانا چاہتا ہے اور لوگوں کو حاصل آزادی نقل و حمل پر قدغن لگانا چاہتا ہے لیکن ایرانی قوم اس سب کے باوجود اپنی ایوی ایشن صنعت کو بحال رکھے ہوئے ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

WhatsApp
Get Alert