عالمی بینک نے سندھ میں صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبوں کے لیے300 ملین ڈالر کی منظوری دیدی

کراچی (قدرت روزنامہ)عالمی بینک نے سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی، محفوظ نکاسیٔ آب اور حفظانِ صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 300 ملین ڈالر کی مالی معاونت منظور کر لی، جس سے 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، جبکہ منصوبے سے بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی کمی جیسے سنگین مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے سندھ ٹرانسفارمیشنل ایکسلریٹڈ رورل واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اینڈ ہائیجین سروسز منصوبے کے پہلے مرحلے (اسٹارٹ واش۔1 ) کے لیے اس مالی معاونت کی منظوری دی ہے۔
منصوبے کے تحت سندھ کے منتخب دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی، محفوظ نکاسیٔ آب اور حفظانِ صحت کی سہولتوں کو وسعت دی جائے گی۔
اس کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے مطابقت رکھنے والا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا، جس میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹمز اور جدید سینی ٹیشن نظام بھی شامل ہوں گے۔
بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی
پاکستان میں بچوں کی جسمانی نشوونما میں رکاوٹ اور غذائی قلت کو انسانی ترقی کے سنگین اور دیرینہ مسائل میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ آلودہ پانی، ناقص صفائی اور حفظانِ صحت کے نامناسب انتظامات اس مسئلے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔
عالمی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار کے مطابق بچوں میں نشوونما کی کمی پاکستان کے انسانی سرمائے سے متعلق سنگین ترین اور مسلسل درپیش چیلنجز میں سے ایک ہے، جس کی ایک بڑی بنیادی وجہ غیر محفوظ پانی اور ناقص نکاسیٔ آب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں15 لاکھ افراد کو ان بنیادی سہولتوں تک رسائی فراہم کرنے سے بچوں میں نشوونما کی کمی کی بنیادی وجوہات کے تدارک میں مدد ملے گی۔
منصوبے کے پس منظر میں یہ حقیقت بھی اہم ہے کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں 5 سال سے کم عمر کے نصف سے زیادہ بچے اپنی عمر کے لحاظ سے مطلوبہ جسمانی نشوونما حاصل نہیں کر پا رہے، جس کی ایک بڑی وجہ آلودہ پانی اور ناقص صفائی کے باعث پیدا ہونے والی بیماریاں ہیں۔
آلودہ پانی بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما متاثر کر رہا ہے
ماہرین کے مطابق غیر محفوظ پانی اور ناقص صفائی کے باعث کم عمر بچوں کو بار بار اسہال اور دیگر بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کے جسم میں غذائی اجزا جذب کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
غذائی اجزا کے مناسب جذب نہ ہونے کے نتیجے میں بچوں کی جسمانی نشوونما محدود رہ جاتی ہے، جبکہ ان کی ذہنی اور علمی صلاحیتوں کی ترقی بھی متاثر ہوتی ہے۔
’اسٹارٹ واش۔1 ‘کے ذریعے ان مسائل کی بنیادی وجوہات کا تدارک کرتے ہوئے صاف پانی، محفوظ نکاسیٔ آب اور حفظانِ صحت کی سہولتوں کو پائیدار بنیادوں پر بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹمز متعارف کرائے جائیں گے
منصوبے کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ اور پائیدار بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی جائے گی، جس میں شمسی توانائی سے چلنے والے پانی کی فراہمی کے نظام اور بہتر سینی ٹیشن سہولتیں شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ایک مربوط سماجی اور رویوں میں تبدیلی کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد عوام میں ذاتی اور ماحولیاتی صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور حفظانِ صحت کے بہتر اصولوں کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہے۔
منصوبے میں صرف بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو ترجیح دینے کے بجائے دیہی علاقوں میں پانی اور صفائی کی سہولتوں کی محفوظ، مستقل اور پائیدار فراہمی کا نظام قائم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
اس ضمن میں منصوبے کے تحت پانی استعمال کے مقام پر آلودگی کی شرح میں 50 فیصد کمی لانے اور ہدف میں شامل 80 فیصد دیہی آبادیوں کو پانی اور صفائی کی خدمات فراہم کرنے والے پیشہ ور ادارے سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
14 ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے
عالمی بینک کے مطابق ’اسٹارٹ واش۔1 ‘ سے14 ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا تخمینہ ہے، جس سے دیہی معیشت اور مقامی سطح پر روزگار کے امکانات کو فروغ ملے گا۔
منصوبے کا ایک اہم جزو سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کو باقاعدہ دیہی واٹر اینڈ سینی ٹیشن یوٹیلیٹی کمپنی کی شکل دینا بھی ہے، جس کے ذریعے پانی اور صفائی کی خدمات کی فراہمی کے لیے ایک باضابطہ اور منظم ادارہ جاتی نظام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
پانی اور صفائی پر سرمایہ کاری انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری ہے، عالمی بینک
عالمی بینک کے لیڈ واٹر ریسورسز مینجمنٹ اسپیشلسٹ بیکیلے ڈیبیلے نیگیوو کے مطابق صاف پانی، صفائی اور حفظانِ صحت پر سرمایہ کاری محض بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نہیں بلکہ انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں میں نشوونما کی کمی کو کم کرنے کے لیے پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سندھ کے عوام کے لیے صحت مند اور زیادہ پیداواری مستقبل کی بنیاد فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’اسٹارٹ واش۔1‘ کو اس مقصد کے تحت ترتیب دیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے، مقامی آبادی کی ضروریات پر مبنی اور مالی اعتبار سے پائیدار نظام کے ذریعے دیہی علاقوں میں پانی اور نکاسیٔ آب کی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
10 سالہ پروگرام کا پہلا مرحلہ، مجموعی لاگت 540 ملین ڈالر
’ اسٹارٹ واش۔1 ‘پاکستان رورل واٹر، سینی ٹیشن اینڈ ہائیجین سروسز پروگرام کا پہلا مرحلہ ہے، جسے 4 مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔
یہ پروگرام 10 سالہ مدت پر محیط ہوگا اور اسے ملٹی فیز پروگرامٹک اپروچ کے تحت مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا، جس کا مقصد پاکستان کے دیہی علاقوں میں پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کی سہولتوں کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانا ہے۔
پہلے مرحلے ’اسارٹ واش۔1‘ کی مجموعی لاگت 540 ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے، جس میں عالمی بینک کی جانب سے 300 ملین ڈالر کی مالی معاونت کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے 150 ملین ڈالر بھی شامل ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی یہ معاونت حال ہی میں طے پانے والے فل میوچل ریلائنس فریم ورک کے تحت فراہم کی جائے گی، جبکہ باقی 90 ملین ڈالر کے مساوی رقم سندھ حکومت بطور کاؤنٹرپارٹ فنڈنگ فراہم کرے گی۔
عالمی بینک کے واٹر فارورڈ اقدام سے بھی منصوبے کی ہم آہنگی
یہ منصوبہ عالمی بینک گروپ کے ’واٹر فارورڈ‘ اقدام سے بھی ہم آہنگ ہے، جس میں پانی کے تحفظ اور دستیابی کو روزگار، سرمایہ کاری، معاشی ترقی، انسانی نشوونما اور موسمیاتی و دیگر بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت کی بنیادی ضرورت قرار دیا گیا ہے۔
منصوبے کا بنیادی مقصد دیہی علاقوں میں پانی اور صفائی کی سہولتوں کو محض تعمیراتی منصوبوں تک محدود رکھنے کے بجائے ایک ایسے مربوط اور مالی طور پر پائیدار نظام میں تبدیل کرنا ہے جو مقامی آبادی کو طویل مدت تک محفوظ پانی اور بہتر حفظانِ صحت کی خدمات فراہم کر سکے۔
