جامعہ بلوچستان میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال سے متعلق تین روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی سے مکمل، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور بازئی احمد نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جامعہ بلوچستان کوئٹہ کے یونیورسٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر یو ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام ’’جامعہ کی انتظامیہ اور اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت کا عملی استعمال‘‘ کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی سے مکمل ہو گئی۔
تین روزہ ورکشاپ کا مقصد جامعہ کے انتظامی افسران اور اساتذہ کو مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز کے عملی استعمال سے روشناس کرانا تھا تاکہ وہ اپنے دفتری امور، تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر، تیز اور جدید انداز میں انجام دے سکیں۔

ورکشاپ کے تیسرے روز ڈائریکٹر جی آئی ایل ڈاکٹر وحید نور نے شرکاء کو اے آئی کے عملی استعمال پر تفصیلی تربیتی سیشن دیا۔ انہوں نے شرکاء کو اے آئی کی ایپلی کیشن، سافٹ ویئر کے استعمال، تحریری رپورٹس، خطوط، سمریوں اور پریزنٹیشنز بنانے کے عملی طریقے سکھائے۔ انہوں نے بتایا کہ کلاؤڈ اے آئی کی مدد سے انتظامی افسران اپنے دفتری امور کو کم وقت میں زیادہ بہتر اور معیاری انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔

ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تمام شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔اورجناب کمال خان خلجی کو شیلڈ پیش کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے اور جامعہ بلوچستان اپنے اساتذہ و انتظامی افسران کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے اس طرح کی تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے یو ٹی ڈی سی کے ڈائریکٹر جناب جہانگیر خان کی کاوشوں کو سراہا۔
آخر میں ڈائریکٹر یو ٹی ڈی سی جناب جہانگیر خان نے وائس چانسلر، مہمان مقررین اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی مفید تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔
