مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ناکہ بندی شروع کردی گئی ہے، سینیٹر کامران مرتضیٰ

بلا اشتعال کاروائیاں جاری ہیں، حکومت قانون کی حدود میں رہے، وکلاء اور کارکنان ہوشیار رہیں، قائدین کے تحفظ کیلئے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہیں؛ جے یو آئی رہنماء کا پیغام


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ناکہ بندی شروع کردی گئی ہے، مولانا فضل الرحمان کی ذاتی سکیورٹی، خاندان اور ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشگاہ کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے اور گھر کے باہر پولیس ناکہ لگا کر کارکنوں کو جان بوجھ کر اشتعال دلایا جا رہا ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے، اگر کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی تو اس کی ذمہ داری وزیرِ داخلہ اور وزیرِ اعظم پر عائد ہوگی کیوں کہ بلا اشتعال کاروائیاں جاری ہیں، حکومت قانون کی حدود میں رہے، وکلاء اور کارکنان ہوشیار رہیں، قائدین کے تحفظ کیلئے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہیں۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ گزشتہ روز سے مولانا فضل الرحمان کی اپنی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ اہلِ خانہ اور ڈیرہ اسماعیل خان والے گھر کی سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے، اگر کوئی وارنٹ ہیں تو پیش کیے جائیں اور سرو کیے جائیں کہ کس کے وارنٹ ہیں، ہم قانون پسند شہری ہیں اور قانونی طریقہ کار کے مطابق چلنے کے لیے تیار ہیں مگر بارہا پوچھنے کے باوجود کوئی وضاحت نہیں دی جا رہی اور اس طرح مسائل پیدا کیے جا رہے ہیں۔


ان کا کہنا ہے کہ باہر کارکن جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں، ایسا لگتا ہے ساتھیوں اور کارکنوں کو جان بوجھ کر اشتعال دلایا جا رہا ہے تاکہ خدانخواستہ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوجائے، کسی ناخوشگوار واقعے کے ذمہ دار وزیرِ داخلہ اور وزیرِ اعظم ہوں گے، اسپیکر کو بھی پیغام اور وائس نوٹ بھیجا کہ ان کے ایک رکن کے ہاں یہ سب کچھ ہو رہا ہے، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا، کوئی رابطہ نہیں ہوا، تاہم اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو سامنے آ کر بات کرے۔
جے یو آئی ف کے رہنماء نے کہا کہ گھر کے باہر سڑک پر ناکہ لگانا ایک تو تضحیک آمیز رویہ ہے اور دوسرا کارکنان مولانا اور جماعت کو اپنے بزرگ کی طرح مانتے ہیں لہٰذا خدانخواستہ کسی کے ہاتھوں کوئی بات ہوگئی تو مسئلہ بن جائے گا، اس طرزِ عمل سے گریز کیا جائے، ہم امن پسند اور قانون پسند ہیں، اشتعال دلا کر یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے کہ جیسے کوئی دہشت گرد تنظیم ہو تاکہ الزام لگانے میں آسانی ہو، پاکستان اور دستور کے پابند لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا تو وہ لوگ کیا سوچیں گے جو پاکستان کا نام نہیں لیتے۔


پولیس ناکے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میں خود مولانا کے اسسٹنٹ طارق کے ہمراہ گیا اور وجہ پوچھی، ناکہ تھوڑا آگے پیچھے لگانے کی درخواست بھی کی مگر پولیس نے اصرار کیا کہ ناکہ وہیں لگے گا، جس پر قانون ہاتھ میں نہ لینے کے اصول کے تحت وہ خاموشی سے واپس آ گئے، مولانا فضل الرحمان نے بھی کارکنان کو پرامن رہنے اور قانون ہاتھ میں نہ لینے کی ہدایت کی ہے اور فی الحال پرامن رہنے کی ہی کال دی جا رہی ہے۔
صحافی کے اس سوال پر کہ پہلے پی ٹی آئی، پھر جے یو آئی ف اور اب بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس کے بعد ویڈیوز سامنے آنے سے کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ جو کہا جائے وہ مانا جائے ورنہ ویڈیوز اور کرپشن کی کتابیں کھلیں گی؟ کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بالکل اسی طرح کی صورتحال نظر آتی ہے، کرپشن ہوئی یا نہیں یہ الگ معاملہ ہے لیکن فی الحال مسئلہ صرف تابعداری کا ہے کہ جب تک تابعداری کی جائے تو فوائد ملتے ہیں اور جب تابعداری چھوڑی جائے تو نقصان کا سودا ہوتا ہے، جس کا احساس سیکیورٹی واپس لے کر، گھر کی ناکہ بندی کر کے اور کبھی بجلی کی بندش جیسے مسائل پیدا کر کے دلایا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert