دہشتگردی پرضرور بات ہوگی لیکن جب بھی ہوگی شواہد کیساتھ ہوگی، مصدق ملک کا بھارتی میڈیا کو واضح جواب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارتی میڈیا کو واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پربات ہوگی اور ضرور ہوگی لیکن جب بھی دہشت گردی پر بات ہوگی شواہد کے ساتھ ہوگی۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، پورا خطہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہوگا اور مسئلے کو مل کر ختم کرنا ہوگا۔
مصدق ملک نے کہا کہ الزام لگانے یا اشتعال دلانے سے مسائل کا حل نہیں نکلے گا، پاکستان کئی بار بھارت سے دہشت گردی کے ثبوت مانگ چکا ہے، پاکستان کے پاس بھی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں، شواہد دو طرفہ طور پر یا کسی مناسب فورم کے ذریعے بھی دیے جا سکتے ہیں۔
