سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی مشکوک حالات میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے


حافظ آباد (قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی مشکوک حالات میں اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے ہیں، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے جامع تحقیقات شروع کردی ہیں۔
صحافی محمد عمیر کی ایکس پوسٹ کے مطابق سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی مشکوک حالات میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے، رہائشگاہ سے مقتول کی ذاتی گاڑیاں، سکیورٹی گارڈز، ذاتی اسلحہ اور دیگر سامان غائب پایا گیا ہے، ڈی پی او حافظ آباد سمیت پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے کے لیے موقع پر موجود ہیں،جب پولیس موقع پر پہنچی تو لیاقت عباس بھٹی کی نعش بیڈ پر موجود تھی۔

بتایا گیا ہے کہ ابتدائی معائنے اور جائے وقوعہ کے جائزے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث سکیورٹی گارڈز سابق وفاقی وزیر کی ذاتی گاڑیوں کے ہمراہ غائب ہیں، اس کے علاوہ مقتول کا ذاتی اسلحہ اور دیگر سامان بھی رہائش گاہ سے غائب پایا گیا ہے، جس سے واقعے کی نوعیت مزید مشکوک ہو گئی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او حافظ آباد سمیت پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
معلوم ہوا ہے کہ فرانزک ماہرین کمرے اور گھر کے دیگر حصوں سے اہم شواہد اکٹھے کر رہے ہیں، جب کہ پولیس حکام نے قتل سمیت تمام ممکنہ محرکات اور پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے، غائب ہونے والے سیکیورٹی گارڈز اور لے جائی گئی گاڑیوں و سامان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ مرحوم لیاقت عباس بھٹی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق رکن قومی اسمبلی مہدی بھٹی کے سگے بھائی تھے، اس اچانک اور مشکوک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد علاقے اور سیاسی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جب کہ پولیس کی جانب سے پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert