بدامنی، وسائل پر قبضے اور تجارتی بندش کیخلاف بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، منان چوک پر احتجاجی جلسہ

عوام مزید ناانصافی، معاشی استحصال اور جبری گمشدگیاں برداشت نہیں کریں گے، لاپتہ سیاسی کارکنوں کو فوری بازیاب اور شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے: آل پارٹیز و انجمن تاجران رہنماؤں کا خطاب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) آل پارٹیز اور انجمن تاجران کی مشترکہ کال پر جمعرات کے روز بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ مختلف شہروں اور اضلاع میں بھرپور احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے منان چوک پر بڑا احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ عام ہوا، جس کی صدارت جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمٰن رفیق نے کی۔ جلسے کی نظامت کے فرائض عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری رشید ناصر اور پشتونخوا ایس او کے زونل سیکرٹری وارث افغان نے انجام دیے۔
احتجاجی جلسے سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی آفس سیکرٹری ندا خان سنگر، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری موسیٰ بلوچ، نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریز علی احمد لانگو اور داد محمد بلوچ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی صدر احمد جان خان، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیر رند، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جاوید کاکڑ اور ضلعی صدر ثناء اللہ کاکڑ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات داد چنگیزی، مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، عبدالقیوم آغا اور ولی افغان نے خطاب کیا۔ مقررین نے صوبے میں بدترین امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی، مسلح جتھوں کی آزادانہ سرگرمیوں، قومی وسائل پر ناجائز قبضے، تجارتی راستوں کی بندش، تاجروں کے معاشی استحصال، سیاسی و جمہوری حقوق کی پامالی، جبری گمشدگیوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور گیس و بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
مقررین نے کہا کہ شاہراہوں پر دہشت گرد عناصر کے تسلط اور تاجروں کی ہزاروں مال بردار گاڑیوں و ٹرالیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات صوبے کی معیشت اور عوام کے روزگار پر براہِ راست حملہ ہیں، مگر حکمران شہریوں کے جان و مال اور کاروبار کے تحفظ کی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل پر مقامی آبادی کا حقِ ملکیت تسلیم کیا جائے، تمام لاپتہ سیاسی کارکنوں کو فوری بازیاب کرایا جائے، غیر قانونی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کر کے آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے اور پائیدار امن و تجارتی سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert