مریم نواز نے شہباز شریف سے ملک احمد خان کو وفاق میں لے جانے کا کہا ہے، فواد چوہدری کا دعویٰ
اسپیکر پنجاب اسمبلی کے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پر ڈی پی او، ڈی سی اور ایجوکیشن افسر کو استقبال سے روکنے کی ہدایت دی گئی، پنجاب حکومت انہیں اپنے خلاف سازش میں شریک سمجھتی ہے، سابق وفاقی وزیر کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کے حالیہ دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ان کے استقبال کے لیے جانے سے روک دیا تھا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کہنا تھا کہ ملک احمد دو روز قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ گئے تو پنجاب حکومت کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اور ایجوکیشن افسر کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ ان کے استقبال کے لیے نہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک احمد کے دورے کے دوران صورتحال اس حد تک تھی کہ ان کے استقبال کے لیے کوئی ٹیچر بھی موجود نہیں تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ سرکاری سطح پر تعاون نہیں کیا جا رہا۔
احمد ملک دو دن پہلے ٹوبہ ٹیک سنگھ گئے تو پنجاب حکومت نے ڈی پی او، ڈی سی اور ایجوکیشن آفیسر کو ہدایات دیں کہ وہ ان کے استقبال کے لیے نہ جائیں۔ مریم نواز نے شہباز شریف سے کہا کہ احمد ملک کو آپ وفاق میں لے جائیں۔ فواد چودھری
@fawadchaudhry https://t.co/NvY31Y5wob— Chaudhry Ikram Jutt (@ikramch786) November 19, 2026
فواد چوہدری نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا ہے کہ ملک احمد کو پنجاب کے بجائے وفاق میں لے جائیں۔ مریم نواز سمجھتی ہیں کہ احمد ملک اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مل کر ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔
