بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی! رجسٹرڈ خواتین گھر بیٹھے شکایت کیسے درج کروائیں؟


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم میں ناجائز کٹوتی کے خلاف شکایت درج کرانے اور کٹی ہوئی رقم واپس لینے کا طریقہ کار جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین و حضرات کی مالی امداد کی رقم میں ہونے والی ناجائز کٹوتیوں کے خلاف شکایت درج کرانے اور کٹی ہوئی رقم واپس حاصل کرنے کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں۔
بی آئی ایس پی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر کسی مستحق فرد کو مقررہ رقم سے کم ادائیگی کی جائے تو وہ اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل آفس جا کر شکایت درج کرا سکتا ہے یا پروگرام کی ٹول فری ہیلپ لائن 0800-26477 پر رابطہ کر کے مدد حاصل کر سکتا ہے۔
کٹوتی کی صورت میں متاثرہ فرد کو اپنے قریبی تحصیل آفس جا کر اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا شکایات کے لیے مقرر متعلقہ افسر سے رابطہ کرنا ہو گا۔
شکایت کنندہ کو شکایت فارم حاصل کر کے اس میں اپنا پورا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، رقم وصول کرنے کا مقام اور کٹوتی کی گئی رقم کی تفصیل درج کر کے جمع کرانا ہو گی اور فارم پُر کرنے میں دشواری کی صورت میں دفتر کا عملہ مدد فراہم کرے گا۔
تحصیل آفس جاتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ اور رجسٹرڈ موبائل نمبر ہمراہ لانا ضروری ہے، جبکہ ادائیگی کے مقام اور کٹی ہوئی رقم کی درست معلومات فراہم کرنے سے حکام کو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے میں آسانی ہو گی۔
علاوہ ازیں، مستحقین گھر بیٹھے بھی بی آئی ایس پی کی سرکاری ٹول فری ہیلپ لائن 0800-26477 پر کال کر کے نمائندے کو اپنی شکایت اور ضروری کوائف فراہم کر سکتے ہیں، جس کے بعد متعلقہ حکام کٹوتی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert