بلوچستان اسمبلی میں ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش، وفاقی افسران کی واپسی اور کوئٹہ سکھر پروازوں کی قراردادیں منظور

گیس کی مد میں وفاق بلوچستان کا 30 ہزار ارب مقروض ہے: اسد اللہ بلوچ، صحافیوں کی بحالی کیلئے بات کرینگے: ظہور بلیدی، اجلاس 23 نومبر تک ملتوی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کوئٹہ میں قومی ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، وفاقی محکموں میں تعینات بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افسران کی واپسی اور کوئٹہ و سکھر کے درمیان فضائی سروس شروع کرنے سے متعلق قراردادیں پیش کرکے منظور کرلی گئیں۔اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے کوئٹہ میں ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش سے متعلق قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران کوئٹہ میں مختلف قومی ٹی وی چینلز کے 11 بیورو دفاتر بند کیے گئے، جبکہ 122 سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو جبری طور پر ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں صوبے میں آزادی صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کا مطالبہ کیا گیا، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے وفاقی سیکریٹریٹ میں تعینات بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 11 وفاقی افسران کو واپس بلوچستان بھیجنے کے احکامات پر نظرثانی سے متعلق قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں مقف اختیار کیا گیا کہ اس فیصلے سے وفاقی سیکریٹریٹ میں بلوچستان کی نمائندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ایوان نے یہ قرارداد بھی منظور کرلی۔اسی طرح رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کوئٹہ اور سکھر کے درمیان فضائی پروازیں شروع کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی، جسے بھی منظور کرلیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی اسداللہ بلوچ نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں، اگر یہ آنکھ نکال دی جائے تو معاشرے میں اندھیرا چھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کے معاملے پر وفاق بلوچستان کا 30 ہزار ارب روپے کا مقروض ہے، جبکہ ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوریت کے علاوہ کچھ نہیں۔ بلوچستان میں پانچ ہزار انجینئرز اور تین ہزار ڈاکٹرز بے روزگار ہیں، جبکہ کنٹریکٹ ملازمین سے متعلق بل انتہائی خطرناک ہے۔ موجودہ حالات اور شورش کے دوران عوام دوست پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے۔سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ریاستی پالیسیوں کی بڑی اہمیت ہے۔ قائداعظم نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنایا تھا، لیکن آج ملک سکیورٹی اسٹیٹ بن چکا ہے۔ ملک میں چار مارشل لا اور تین آئین آچکے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں میڈیا کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کا احتجاج ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔صوبائی وزیر سلیم کھوسہ نے کہا کہ صحافی صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور موجودہ حالات میں جس انداز سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ حکومت میڈیا چینلز سے فارغ کیے گئے صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سابق وزیراعلی ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ جام کمال کے دور حکومت میں صوبے کے تمام پریس کلبوں کو گرانٹ فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے بلوچستان کا مثبت چہرہ دکھانے کے بجائے زیادہ تر دہشت گردی کو اجاگر کیا۔ تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا اداروں سے فارغ کیے گئے صحافیوں کی بحالی کے لیے بات کی جائے گی۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں، ہر ایک کی عزت کا خیال رکھیں اور خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کریں۔رکن اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ صحافی ہماری آواز دنیا بھر تک پہنچاتے ہیں۔ اگر صحافت نہیں ہوگی تو عالمی سطح پر بلوچستان کا مثبت تشخص اجاگر نہیں ہوسکے گا۔اجلاس کے اختتام پر بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 23 نومبر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert