پاکستان کا مجموعی قرض 130 ارب جبکہ قدرتی وسائل کا تخمینہ 8 سے 10 کھرب ڈالر ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے توانائی اور معدنی ذخائر کی دریافت کیلئے کراچی پہنچنے والے ترک تحقیقی جہاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو قدرت کی طرف سے عطیہ کردہ معدنی وسائل کا تخمینہ 8 سے 10 کھرب ڈالر ہے۔
ترک تحقیقی بحری جہاز ’اورچ رئیس‘ 19 روزہ سفر کے بعد گزشتہ روز کراچی کی بندرگاہ پہنچا تھا جہاں سے وہ پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے سروے کرے گا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے آج کراچی میں ربن کاٹ کر رسماً جہاز کی سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ بعض لوگ پاکستان کو قرضوں میں ڈوبا ہوا یا قرضوں کے جال میں پھنسا ملک قرار دیتے ہیں، تاہم وہ اس تاثر سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے مطابق حکومت پاکستان کا قرض تقریباً 100 ارب ڈالر ہے، جبکہ نجی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کی غیر ملکی کرنسی میں واجبات شامل کرنے سے مجموعی رقم تقریباً 130 ارب ڈالر بنتی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معدنیات، قدرتی وسائل، ہائیڈروکاربن، قیمتی پتھروں اور دیگر قدرتی ذخائر کی محتاط مالیت 8 سے 10 کھرب ڈالر لگائی گئی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکیہ کے ’اورچ رئیس‘ کے سروے کے نتائج پاکستان کے معاشی مستقبل میں اہم کردار ادا کریں گے اور ملک جلد اپنی پہلی کامیاب آف شور ڈرلنگ اور تلاش کی منزل حاصل کرے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اورچ رئیس کی آمد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی تحقیق اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے باب کا آغاز ہے۔ جہاز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا سمندر کی تہہ میں موجود ارضیاتی ساخت کو سمجھنے اور پاکستان کے مستقبل کے تحقیقی منصوبوں کی بہتر تیاری میں مدد دے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیسمک سروے سے تجارتی بنیادوں پر تیل یا گیس کی دریافت کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، تاہم ایسی کسی دریافت کے لیے سروے اور تلاش ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ آف شور تلاش، معدنیات اور قابل تجدید توانائی سمیت توانائی کے شعبے میں طویل المدتی شراکت داری چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ماہرین ارضیات اور انجینئرز کو ترک ماہرین کے ساتھ کام کرنے کے مواقع دیے جائیں گے، جبکہ جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان سمندری ارضیات اور آف شور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعاون بھی فروغ دیا جائے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات سفارتکاری، دفاع اور تجارت سمیت متعدد شعبوں پر محیط ہیں، تاہم اب اس اسٹریٹجک تعلق کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے شفافیت اور پالیسیوں کے تسلسل کی یقین دہانی کرائی۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ سمندر میں تمام سرگرمیوں کے دوران بحری تحفظ اور ماحولیاتی حفاظت کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنا ضروری ہے۔
زیر سمندر ذخائر کی دریافت کیلئے سروں کا آغاز
اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ نے معدنیات اور توانائی کے ذخائر کی تلاش میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں میں جیولوجیکل سروے آف پاکستان، ترکیہ کے منرل ریسرچ اور ایکسپلوریشن جنرل ڈائریکٹوریٹ (ایم ٹی اے) اور ایم ٹی اے انٹرنشینل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے ضلع پشین میں معدنی وسائل کی ترقی کے لیے ماڑی منرلز اور ایم ٹی اے انٹرنشنل کے درمیان ایک علیحدہ مشترکہ منصوبے پر بھی دستخط کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے اس تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے سروے کرے گا۔ ان کے مطابق پاکستان میں 5 آف شور بلاکس کے لیے لائسنسنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ترک پیٹرولیم کارپوریشن ان علاقوں میں تھری ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گی۔
ترک وزارت توانائی کے مطابق جہاز کراچی کے قریب دریائے سندھ کے سمندری علاقے میں انڈس-سی بلاک کے تحت مرجان تھری ڈی سیسمک منصوبے پر کام کرے گا، جس میں تقریباً 50 دن لگنے کی توقع ہے۔ اس کے بعد یہ کراچی واپس آئے گا اور مکران بلاکس میں 2ڈی سیسمک سروے کرے گا، جس کا دورانیہ تقریباً 25 دن ہوگا۔
ترک وزارت کے مطابق جہاز 2 مختلف سمندری علاقوں میں 670 مربع کلومیٹر رقبے کا تھری ڈی سیسمک ڈیٹا اور 2 ہزار 353 کلومیٹر طویل سروے لائنوں پر 2ڈی ڈیٹا جمع کرے گا۔
قبل ازیں اپنے خطاب میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم ملک کے بڑے سمندری حصوں میں اب تک اس حوالے سے کام نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آف شور بلاکس میں جدید سروے اور تلاش سے توانائی کے نئے امکانات سامنے آئیں گے، جبکہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے مسلسل کام اور وسائل کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آف شور شعبے میں سرمایہ کاری ملکی معیشت اور توانائی کی ضروریات کو تقویت دے سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ کا تحقیقی جہاز 30 اکتوبر کو مرسین کے شہر تاشوچو کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔ ترکیہ میں تیار کردہ یہ جہاز اس سے قبل صومالیہ میں 9 ماہ کا تحقیقی مشن مکمل کر چکا ہے، جہاں اس نے 3 آف شور بلاکس میں 4 ہزار 464 مربع کلومیٹر رقبے کا تھری سیسمک ڈیٹا جمع کیا تھا۔ ترکیہ کی وزارت توانائی کے مطابق اس مشن نے ملک کی بیرونِ ملک گہرے سمندر میں پہلی ڈرلنگ کی راہ ہموار کی۔
وزارت کے مطابق ترک انجینئروں کا تیار کردہ ’اورچ رئیس‘ 2017 میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ براعظمی شیلف اور زمینی پرت کے مطالعے کے لیے بھی 2ڈی اور 3ڈی سروے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
