کویت میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں !

فیصل آباد(قدرت روزنامہ) کویت میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) فیصل آباد زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے اشتہاری ملزم منظور احمد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزم منظور احمد پر شہری سے کویت میں نوکری دلوانے کے نام پر لاکھوں روپے فراڈ کرنے کا الزام ہے، جس کے خلاف امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمہ نمبر 456/2025 درج ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل تھا اور وہ قانون سے بچنے کے لیے مفرور تھا۔
ایف آئی اے حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم منظور احمد کو بیرونِ ملک سے پاکستان واپسی پر حراست میں لے لیا، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
