صدر زرداری دونوں بیٹوں کو سمجھائیں صوبوں کی بحث کو آلودہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، رانا ثناء اللہ
27ویں ترمیم کی منظوری کے بعد بلاول نے جو تقریر کی تھی اس میں انہوں نے اس کا کریڈٹ لیا تھا، ممکن ہے وہ تقریر بھی زبردستی کروائی گئی ہو، اگر ایسا ہے تو پھر پیچھے کچھ بچتا ہی نہیں؛ وفاقی مشیر کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے حق میں جبکہ دوسرا اس کی مخالفت کر رہا ہے، صدر زرداری کو چاہیے کہ وہ دونوں کو سمجھائیں کیونکہ اس بحث کو آلودہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے نئے صوبوں سے متعلق جاری سیاسی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بحث شروع کی، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں، محسن نقوی اور بلاول بھٹو دونوں صدر آصف علی زرداری کے تابع ہیں لہٰذا صدرِ مملکت کو چاہیے کہ وہ ان دونوں کو سمجھائیں کہ اس معاملے پر بحث کو آلودہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
جب رانا ثناء اللہ کی توجہ اس بات کی جانب دلائی گئی کہ بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ کو فارم 47 کی پیداوار قرار دیا ہے، تو انہوں نے اس کے جواب میں سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کراچی کا میئر کیسے بنا اور کیا وہ اس کی تفصیل میں جائیں؟ بلاول بھٹو کی جانب سے ملک کے نظام اور سیاسی ڈھانچے کو ازسرنو ترتیب دینے سے متعلق بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا غصہ کسی اور بات پر ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رانا ثناء اللہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا سنائے جانے کے بعد کوئی بھی شخص سیاسی قیدی نہیں رہتا، مزید برآں 27ویں آئینی ترمیم زبردستی کروائے جانے سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس ترمیم کی منظوری کے بعد بلاول بھٹو نے جو تقریر کی تھی اس میں انہوں نے اس کا کریڈٹ لیا تھا، ممکن ہے وہ تقریر بھی ان سے زبردستی کروائی گئی ہو، اگر ایسا ہے تو پھر پیچھے کچھ بچتا ہی نہیں۔
