خیبرپختونخوا کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت تقریباً 29 پارلیمنٹیرینز گرفتار یا لاپتا ہیں، بیرسٹر گوہر خان
ہم کسی رعایت یا خصوصی سلوک کا مطالبہ نہیں کر رہے، صرف انصاف مانگ رہے ہیں، آئینی ترامیم سے متعلق لائحہ عمل عمران خان سے ملاقات کرکے طے کیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہم کسی رعایت یا خصوصی سلوک کا مطالبہ نہیں کر رہے، صرف انصاف مانگ رہے ہیں، آئینی ترامیم سے متعلق لائحہ عمل عمران خان سے ملاقات کرکے طے کیا جائے گا۔ انہوں نے آج پشاور پریس کلب میں میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین سمیت تقریباً 29 پارلیمنٹیرینز گرفتار یا لاپتا ہیں۔
ہم کسی رعایت یا خصوصی سلوک کا مطالبہ نہیں کر رہے، صرف انصاف مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پراسیکیوشن کسی شخص پر الزام عائد کرتی ہے اور اس کی گرفتاری کا مطالبہ کرتی ہے تو ملزم کا بھی بنیادی اور آئینی حق ہے کہ وہ عدالت سے ضمانت طلب کرے۔
اگر عدالت تمام حقائق اور قانونی تقاضوں کا جائزہ لینے اور اپنی تسلی کے بعد ملزم کو ضمانت دیتی ہے تو اس کے باوجود کسی دوسرے قانون کا سہارا لے کر اسے دوبارہ گرفتار کرنا آئین، قانون اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ایسے اقدامات قابلِ مذمت ہیں، اور ایسا ہی تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم اور کامران بنگش کے ساتھ ہوا ہے، جو صریحاً غلط اور خلافِ قانون ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف جسٹس پاکستان اور متعلقہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ زیرِ التوا مقدمات کی سماعت یقینی بنائی جائے، متعلقہ حکمِ امتناع ختم کیا جائے اور گرفتار افراد کو انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مزید گرفتاریوں، سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ، تضحیک اور گھروں کی چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لینے کے اقدام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر سیاسی رہنما کا اپنا کردار ہے۔ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر ایسے رہنما کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتار رہنماؤں اور ان کے اہلِ خانہ کے حوالے سے خصوصی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کامران بنگش، عرفان سلیم اور تیمور سلیم جھگڑا سمیت دیگر افراد کے اہلِ خانہ کو ان کی موجودگی اور خیریت سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے بیمار رہنما کو ضروری ادویات اور طبی سہولیات فوری فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
آئینی ترامیم سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ فی الحال اس موضوع پر بات کرنے کا وقت نہیں۔ مناسب وقت آنے پر پارٹی کے اندر اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور عمران خان صاحب سے ملاقات اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
