بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے اپنے معیار کو بلند کیا ہے، محمد رضوان

لاہور(قدرت روزنامہ) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپرمحمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران ہمیں نہیں معلوم تھا کہ قوم ہمیں اس طرح سپورٹ کرے گی۔
تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نےکہا کہ انگلش کاؤنٹی کے دوران بہت سے کرکٹرز نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کی، بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے اپنے معیار کو بلند کیا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، کھلاڑی یک جان ہوکر محنت کررہے ہیں، ہماری کوشش ہوتی ہے ہر میچ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔
وکٹ کیپر بلےباز نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حسن علی بہترین فارم میں ہیں، دونوں کی کارکردگی کے دوران ہمارا بولنگ اسٹینڈرڈ بڑھا ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ اسکواڈ پورے پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔