موجودہ حکومت نے پٹرول کی جو قیمت بڑھائی اس سے غریب پس جائے گا: عمران خان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پٹرول کی جو قیمت بڑھائی اس سے غریب پس جائے گا، قوم اب بھی نہ اٹھی تو ہر وزیراعظم آزاد خارجہ پالیسی بنانے سے ڈرے گا، امریکہ ہمیں کیوں حکم دے کہ ہم روس جائیں یا نہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہ اگر ہم امریکہ کے سامنے جھکتے جائیں گے تو وہ مزید ڈومور کہیں گے۔ اگر اپنے مفادات کا تحفظ کریں گے تو وہ عزت کریں گے۔ ہماری حکومت گرنے سے پہلے امریکہ کی جانب سے پاکستانی سفیر کو کہا گیا کہ عمران خان کو نہ ہٹایا توپاکستان کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ، کہا گیا عمران خان روس کیوں گیا، امریکہ ناراض ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اتحادی علیحدہ ہوئے اور سندھ ہاوس میں ہمارے ایم این ایز چلے گئے، وہاں منڈی لگی، ہمارے ارکان کو 30، 30 کروڑ کی آفر ملی۔ ہمارے اتحادیوں کو اچانک یاد آیا کہ ہماری حکومت صحیح پرفارم نہیں کر رہی اور وہ علیحدہ ہو گئے، اس طرح ہماری حکومت گرا دی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پٹرول کی جو قیمت بڑھائی اس سے غریب پس جائے گا، تنخواہ دار طبقہ اس مہنگائی میں کیسے گزر بسر کرے گا، کسی ملک سے دشمنی نہیں چاہتے،روس سے تعلقات ٹھیک کررہے تھے، روس تیس فیصد کم قیمت پر تیل دے رہا تھا، سازش پر سٹینڈ نہ لیا تو کوئی وزیراعظم آزادخارجہ پالیسی نہیں بنا سکے گا۔