حیدر آباد؛ ریلوے ٹریک پر علی الصبح زوردار دھماکا


حیدر آباد(قدرت روزنامہ) ریلوے ٹریک پر علی الصبح زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دُور دُور تک سنائی دی . ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد پونے سات فلائی اوور کے نزدیک ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکا ہوا .

دھماکا اتنا شدید تھا کہ آواز دُور دُور تک سنی گئی .
سی ٹی ڈی حکام نے ابتدائی طور پر بتایا کہ دھماکا ڈاؤن ٹریک کے قریب ہوا، جس کی اطلاع بی ڈی ایس کو دی گئی . دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ڈاؤن ٹریک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم ٹرینوں کی آمد و رفت رکوا دی گئی ہے .
دھماکے کے بعد علاقے کو کلیئر کرنے کے بعد ہی ٹرینوں کی آمدورفت دوبارہ بحال کروائی جائے گی . دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ڈاؤن ٹریک کے قریب گڑھا پڑ گیا .
بعد ازاں بی ڈی ایس کا عملہ موقع پر پہنچا اور حساس آلات کی مدد سے جائے وقوع کی تلاشی لی . ڈسٹرکٹ پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں دھماکا کریکر کا ہونے کا پتا چلا ہے . دھماکے سے پٹڑی یا ریلوے ٹریک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا .
بی ڈی ایس حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کے نزدیک دھماکا دیسی ساختہ بم کا تھا . جس میں بارودی مواد کی مقدار کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے . دھماکے کی جگہ سے بارودی مواد، ستلی، ٹیپ کے ٹکڑے بھی برآمد ہوئے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں