منکی پاکس کے عالمی خطرات؛ وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)منکی پاکس کے عالمی خطرات کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس طلب کرلیا ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق منکی پاکس سے متعلق اہم اجلاس آج وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں منکی پاکس کی تازہ صورتحال، مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو ائرپورٹس ،بارڈر ،اسپتالوں میں انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی ۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز ، لیب کٹس و متعلقہ ادویات کی دستبابی اور اسکریننگ کے نظام سے متعلق بھی شرکاکو آگاہ کیا جائے گا ۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، قومی ادارہ صحت ،این سی اوسی کے حکام شریک ہوں گے ۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرت، سیکرٹری اور ڈی جی صحت بھی شریک ہوں گے ۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ اور ائرپورٹس پر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی جب کہ وزیر اعظم تمام متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں گے۔