اپوزیشن اتحاد کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اپوزیشن اتحاد نے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کےسربراہ محمود خان اچکزئی نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اپوزیشن نے 31 جولائی کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ غیر جانب دارالیکشن کمیشن کے ذریعےعوامی نمائندگی کو تسلیم کیا جائے۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ جس جماعت نے انتخابات جیتے اس کے رہنماؤں کو جیل میں قید قیادت سے نہیں ملنے دیا جاتا، جس انداز سے شہباز اینڈ کمپنی نے طاقت سے عوام پر تسلط قائم کیا یہ قابل قبول نہیں۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کےسربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ اتحاد کھیل تماشے کے لیے نہیں بنایا، اس اتحاد کا مقصد حکومت کو عوامی طاقت سے ختم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک تحفظ آئین پاکستان آئینی ہے، نظریاتی ہے، مقصد توڑ پھوڑ نہیں ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 5 اگست کو عوام اپنی بیزاری کا بھرپور اظہار کرے گی ،بانی پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل وکلاء اور خاندان کے بغیر چلایا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں اپوزیشن رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہماری تحریک کا پہلا قدم آل پارٹیز کانفرنس سے ہوگا، حکومتی جبر سے پریشان تمام افراد اس آل پارٹیز میں مدعو ہوں گے۔
