سبی تبلیغی اجتماع 18 دسمبر سے شروع، فول پروف سیکورٹی کے انتظامات مکمل، اجتماع کے بعد بولان میں پکنک کی اجازت نہیں ہوگی


سبی(ڈیلی قدرت)سبی کا تین روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع 18 دسمبر سے 21 دسمبر تک منعقد ہوگا۔ اجتماع کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر سبی میجر الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرنل شہریار، ایس ایس پی سبی شاہ نواز چاچڑ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد ملک بہادر خان بنگلزئی، ایس پی اسپیشل برانچ محمد اکرم گشکوری،ڈی ایس پی پیر بخش سیلاچی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ اداروں کے افسران اور علماء کرام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر سے آنے والے فرزندانِ توحید کی آمد اور اجتماع کے دوران ممکنہ صورتِ حال کے پیش نظر فول پروف سیکورٹی کے لیے اہم فیصلے کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر سبی میجر الیاس کبزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی، پولیس اور لیویز فورس کے جوان مکمل ذمہ داری کے ساتھ سیکورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی اور اجتماع میں شرکت کے لیے صرف مقررہ روٹس استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ڈی سی سبی نے مذید کہا کہ محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس روٹ پلان تشکیل دیں گے، جبکہ محکمہ پولیس کی جانب سے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ محکمہ صحت میڈیکل کیمپ اور ایمبولینس کی سہولت فراہم کرے گا جبکہ میونسپل کمیٹی کی فائر بریگیڈ بھی ہر وقت موجود رہے گی۔میجر الیاس کبزئی نے کہا کہ اجتماع 21 دسمبر کی صبح اجتماعی دعا کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔ اختتام کے بعد بولان کے علاقے میں کسی کو پکنک یا رات گزارنے کی اجازت نہیں ہوگی اور شرکاء  واپسی پر صرف اپنی منزل کی جانب جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert