این اے 251: 22 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کیلئے تیاریاں مکمل، فوج اور ایف سی تعینات ہوگی: صوبائی الیکشن کمشنر

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال کی زیر صدارت این اے 251 (شیرانی کم ژوب کم قلعہ سیف اللہ) کے 22 پولنگ اسٹیشنوں پر 18 دسمبر 2025 کو ہونے والی دوبارہ پولنگ کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سید وسیم احمد جعفری، ڈائریکٹر الیکشن عبداللہ، ڈائریکٹر ایڈمن نعیم احمد، کمشنر ژوب ڈویژن سید زاہد شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری ہوم ڈاکٹر عتیق، ریجنل الیکشن کمشنر ژوب ڈویژن سردار مظہر حسین، ڈی آر او/ڈپٹی کمشنر ژوب عارف زرکون، ریٹرننگ افسر ببرک خان، ایس پی قلعہ سیف اللہ شاہ رخ خان، ڈی پی او ژوب شوکت علی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اصغر خان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انتخابی سامان ریٹرننگ افسر کے حوالے کیا جاچکا ہے، جبکہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور انتخابی عملے کی تربیت آئندہ دو دن میں مکمل کرلی جائے گی۔ اجلاس میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور ایف سی کی تعیناتی کے امور بھی زیرِ غور آئے۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال نے ہدایت کی کہ غیر جانبدار اور مستند انتخابی عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور بیلٹ پیپرز سمیت تمام انتخابی سامان کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کیا جائے تاکہ ہر شہری آزادانہ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرسکے۔
