ملک سود در سود قرضوں کی دلدل میں پھنس چکا، 25 کروڑ عوام کا مینڈیٹ تسلیم نہ کرنا بربادی کا سبب ہے، عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، عبدالرحیم زیارتوال


(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کا ایک پروقار جلسہ عام درہ ارمبئی ضلع قلعہ عبداللہ میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیر صدارت منعقد ہوا جس سے مرکزی سیکریٹری علاالدین کولکوال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری سردار امجد خان ترین، ضلع آرگنائزر میروائس خان اچکزئی، اللہ محمد اور منظور اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سنگین ترین بحرانوں کا سامنا ہے اور خصوصاً معیشت آئے دن سود در سود قرضوں کی بھرمار سے تباہ ہو رہی ہے جس کے باعث ملک کی مجموعی آمدنی صرف قرضوں کے سود کی نذر ہو جاتی ہے؛ مقررین نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معیشت اور انتظام کو درست کرنے کے بجائے مسلط کردہ نااہل، کرپٹ اور پرسنٹ خور گروہ لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں، جبکہ جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا ریاست کی ذمہ داری تھی مگر غیر سیاسی افراد کے ہاتھوں نظام کی بربادی اصل المیہ ہے؛ انہوں نے واضح کیا کہ آئین پامال ہو چکا ہے، عدلیہ کے پر کاٹ دیے گئے اور میڈیا کی آزادی سلب کر لی گئی ہے، جبکہ ہماری فوج کا سیاست اور جمہوریت میں مداخلت کا مرتکب ہونا ملک کو داخلی و خارجی تنہائی کا شکار کر رہا ہے؛ پارٹی اس غیر آئینی کردار کی مخالفت کرتی آئی ہے اور جب 25 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جاتا تو اس کے خلاف بات کرنا جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے؛ مقررین نے مطالبہ کیا کہ آئین کو فوری بحال کیا جائے اور ہر ادارے کو اس کے فریم ورک کا پابند بنایا جائے، ورنہ قوموں کی برابری سے انکار ملک کو مزید معاشی و سیاسی بحرانوں میں دھکیل دے گا؛ عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ خطے میں امریکہ، اسرائیل اور ایران جنگ پھیل رہی ہے جسے روکنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے؛ مقررین نے پاک افغان جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے کے ممالک سے مثبت کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک میں سرکاری کارڈ ہولڈرز کے ذریعے بندوق کے زور پر چوریاں اور ڈکیتیاں جاری ہیں، جس کے تدارک اور آئین کی بالادستی، عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، عوامی مینڈیٹ کی واپسی اور شفاف انتخابات کے لیے محمود خان اچکزئی کی تگ و دو جاری ہے جس میں تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ دینا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert