عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی، پاکستان نے یورو بانڈ کا حجم بڑھا کر 75 کروڑ ڈالر کردیا

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان نے یورو بانڈ کی پیشکش کا حجم بڑھا کر 75 کروڑ ڈالر کر دیا، جبکہ پاکستان کو مزید 25 کروڑ ڈالر حاصل ہوگئے ہیں۔
مشیرِ خزانہ خرم شہزاد نے اس حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث اضافی سرمایہ کاری ممکن ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان 4 سال بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں دوبارہ واپس آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل حکومت نے 50 کروڑ ڈالر مالیت کا یورو بانڈ جاری کیا تھا، تاہم بعد ازاں عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے توقع سے زیادہ ردعمل سامنے آیا جس کے نتیجے میں مجموعی حجم میں اضافہ ہوا۔
خرم شہزاد کے مطابق پاکستان کی عالمی مالیاتی مارکیٹ میں واپسی مستقبل میں مزید فنڈنگ کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان نے 50 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کیا تھا۔
