پرنٹ میڈیا کی بندش کسی صورت قابلِ قبول نہیں، روزگار چھیننے والے ہر اقدام کی مخالفت کریں گے، صوبائی صدر پیپلز پارٹی بلوچستان سینیٹر سردار عمر گورگیج
پیپلز پارٹی عوام دوست جماعت ہے، چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کر کے پرنٹ میڈیا کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے، صوبائی صدر کی یقین دہانی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں قابلِ اعتماد پرنٹ میڈیا جمہوری قوتوں کی آواز بلند کرتا رہا ہے اور اس کی بندش کسی صورت قابلِ قبول نہیں‘ پارٹی کی پالیسی عوام کو روزگار فراہم کرنا ہے، جبکہ بے روزگاری کا خاتمہ اس کے بنیادی منشور کا حصہ ہے، لہٰذا کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کی جائے گی جس سے لوگوں کا روزگار متاثر ہو‘اگر اس حوالے سے کوئی پالیسی زیرِ غور ہے تو وہ اس معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے خود بات کریں گے تاکہ پرنٹ میڈیا کو بلوچستان سمیت ملک بھر کی طرح مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں‘اخباری صنعت سے وابستہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری اور عوام دوست جماعت ہے جو ہمیشہ آزادیِ رائے اور عوامی فیصلوں کا احترام کرتی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سردار عمر گورگیج نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی ممکنہ بندش نہ صرف منفی قدم ہوگا بلکہ اس سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو جائیں گے، جو کہ کسی بھی صورت پارٹی پالیسی کے مطابق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے میڈیا کو بند کر کے مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کی طرف جانے سے متعلق انہیں کوئی باضابطہ معلومات نہیں، تاہم وہ پرنٹ میڈیا پر قدغن کے حق میں نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس حوالے سے کوئی پالیسی زیرِ غور ہے تو وہ اس معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سے خود بات کریں گے تاکہ پرنٹ میڈیا کو بلوچستان سمیت ملک بھر کی طرح مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر وفد نے سینیٹر سردار عمر گورگیج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی ان کے مطالبات کی حمایت کرے گی۔ وفد کا کہنا تھا کہ اگر پرنٹ میڈیا کو ختم کرنے کی پالیسی برقرار رہی تو دس ہزار سے زائد افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں، جس کے سنگین سماجی اثرات مرتب ہوں گے۔
