سی سی ڈی کے 12 گھنٹوں کے دوران 3 مقابلے، 6 ملزمان ہلاک

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے 12 گھنٹوں کے دوران 3 مبینہ مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک کر دیے۔
لاہور میں مبینہ مقابلوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، چوہنگ اور اقبال ٹاؤن کے بعد سی سی ڈی ڈیفنس نے بھی مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو ہلاک کیا، یوں تین مختلف انکاؤنٹرز میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق سی سی ڈی اہلکار ڈیفنس کے علاقے میں ناکہ بندی پر مامور تھے کہ اس دوران تین موٹرسائیکل پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں جوابی کارروائی میں 2 ملزمان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت بشیر اوڈھ اور عبد الغفور کے نام سے ہوئی جن کا تعلق بوریوالہ سے ہے۔
سی سی ڈی حکام نے بتایا کہ تیسرا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کیلیے پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران یہ لاہور میں تیسرا مبینہ پولیس مقابلہ ہے جس میں اب تک 6 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
