علیمہ خان نے پی ٹی آئی ورکرز کو اڈیالہ آنے سے روک دیا، ’قیادت، اراکین پارلیمنٹ اور عہدیداران احتجاج کرنے آئیں‘

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پارٹی قیادت اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اڈیالہ جیل پہنچ کر عمران خان کی رہائی کے لیے دباؤ بڑھائیں، تاہم انہوں نے عام کارکنوں کو آج وہاں نہ آنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب عمران خان کو ان کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں علیمہ خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کے سینیٹرز، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد اگر اڈیالہ جیل پہنچتی ہے تو اس کے اثرات انتہائی اہم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے حکومت پر ضروری دباؤ پڑے گا تاکہ عمران خان کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
PTI Leadership, NOW is the time when Imran Khan Needs You!
The impact of hundreds of elected members (Senators, MNAs and MPAs) of KP and Punjab assemblies at Adiala will be huge.
It WILL create the necessary pressure on this Govt (who is in power by stealing Imran Khan’s…
— Aleema Khanum (@Aleema_KhanPK) May 5, 2026
علیمہ خان کے مطابق یہ دباؤ اس لیے بھی ضروری ہے تاکہ ڈوگر عدالت عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر فوری سماعت کرے اور انہیں رہا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر پولیس عمران خان کے حامیوں کو گرفتار کرتی ہے، جبکہ خاندان کے افراد یا منتخب نمائندوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔
اسی تناظر میں انہوں نے عمران خان کے عام کارکنوں، خصوصاً وہ افراد جو عہدیدار نہیں ہیں، سے اپیل کی کہ وہ آج اڈیالہ جیل نہ آئیں۔
علیمہ خان کے اس بیان کو پارٹی کی جانب سے عمران خان کے علاج اور قانونی معاملات میں پیش رفت کے لیے ایک اہم حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
