وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پی پی پی بورڈ کا آٹھواں اجلاس
گرین و پنک بسوں کو الیکٹرک اور چیف منسٹر سیکرٹریٹ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سمیت اہم فیصلوں کی منظوری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت ایک جامع اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مؤثر فروغ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس کے مثبت اثرات معیشت اور عوامی خدمات دونوں پر مرتب ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کے آٹھویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبے میں پائیدار ترقی، توانائی کے مؤثر استعمال، ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور نجی شعبے کی شراکت داری کے فروغ سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اور مفادِ عامہ و ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جاری گرین اور پنک بس سروسز کو مرحلہ وار الیکٹرک بسوں میں تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اس اقدام کا مقصد شہری ماحول کو آلودگی سے پاک بنانا اور عوام کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے توانائی کے شعبے میں کفایت شعاری اور متبادل ذرائع کے فروغ کے تحت چیف منسٹر سیکرٹریٹ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی جس سے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ ماحول دوست پالیسیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں نجی شراکت داری کے تحت انشورنس کمپنی لمیٹڈ قائم کی جائے گی جس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مالیاتی نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا اس سلسلے میں نجی شعبے سے باضابطہ طور پر پیشکشیں طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو تیز، مؤثر اور پائیدار بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں جدید انفراسٹرکچر اور خدمات کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کی مہارت اور سرمایہ کاری سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ سے شہری آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نجی شعبے کی مؤثر شمولیت سے نہ صرف معیشت کو استحکام ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جو صوبے کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منظور شدہ منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ان کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ عوام تک ان کے ثمرات جلد از جلد پہنچ سکیں۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی
