شمال مشرقی پنجاب میں شدید موسم کا الرٹ جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) نے شمال مشرقی پنجاب کے رہائشیوں کو آئندہ چند روز کے دوران شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 مئی سے 13 مئی کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں طاقتور موسمی سسٹم کے باعث شدید طوفان، موسلا دھار بارشیں اور خطرناک تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے 13 مئی تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس دوران پنجاب کے کئی حصوں میں “سپر سیل” نامی طاقتور موسمی نظام بننے کا بھی امکان ہے، جس سے شدید نوعیت کے موسمی حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
محکمہ کے مطابق لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔
ماہرینِ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
حکام کے مطابق شدید ہوائیں کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور شہریوں کے لیے خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ پیشگوئی کے پیش نظر متاثرہ اضلاع میں ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کو فعال کر دیا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران گھروں میں رہیں اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔

WhatsApp
Get Alert