پاکستان ہائی کمیشن نیروبی میں معرکہ حق کی تقریب، پاکستان زندہ باد کے نعرے، مسلح افواج کو خراج تحسین

کینیا(قدرت روزنامہ)پاکستان ہائی کمیشن نیروبی اور کینیا میں مقیم پاکستانیوں کے اشتراک سے معرکہ حق اور ’بنیان مرصوص‘ کی پہلی سالگرہ نہایت جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منائی گئی۔

اس موقع پر حکومتِ پاکستان اور پاکستان کی مسلح افواج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران شرکا نے کہاکہ ہم اللہ کے شکرگزار ہیں، جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت، وقار اور کامیابیوں سے نوازا۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان، نائب وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف کے خصوصی پیغامات بالترتیب پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب کے اختتام پر کرنل انعام محمد خٹک نے ’بنیان مرصوص‘ اور ’معرکہ حق‘ کے حوالے سے تفصیلی خطاب کیا اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کی بہادری، اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ دشمن کی جانب سے رات کی تاریکی میں کی جانے والی جارحیت کی کوششوں کو پاکستان کی افواج نے مؤثر اور بھرپور جواب دے کر ناکام بنایا، جسے عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔

بعد ازاں آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کی گئی 15 منٹ کی خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں اور مختلف مواقع پر مخالف میڈیا کے اعترافات کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کے حق میں اور مسلح افواج کے لیے نعرے بھی لگائے گئے۔

WhatsApp
Get Alert