کے الیکٹرک ملازم آصف اکاخیل کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کا معاملہ مشکوک، تحقیقاتی کمیٹی قائم

کراچی (قدرت روزنامہ) گڈاپ پولیس کی جانب سے مبینہ پولیس مقابلے میں آصف اکاخیل نامی شخص کی ہلاکت کا معاملہ مشکوک ہو گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر نے گڈاپ پولیس مقابلے کی شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے، مبینہ پولیس مقابلے کی انکوائری کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
انکوائری کمیٹی میں ڈی ایس پی میمن گوٹھ، ڈی ایس پی ملیر سٹی اور ڈی ایس پی بن قاسم کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے، تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ایس پی ملیر علی حسن شیخ اہل خانہ سے ملاقات اور بیان لینے خلجی گوٹھ بھی پہنچے۔
تحقیقاتی کمیٹی 3 روز کے اندر واقعے کی جامع رپورٹ ایس ایس پی ملیر کو پیش کرے گی، پولیس فائرنگ سے ہلاک آصف اکاخیل کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
لواحقین کا مؤقف تھا کہ آصف اکاخیل کے الیکٹرک کمپنی میں ملازم تھا جسے چند روز قبل اس کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا اور بعد ازاں جعلی پولیس مقابلے میں گولی مار دی گئی، جس کی وجہ سے اس کا انتقال ہو گیا۔
