وزیر اعلیٰ بلوچستان کا ہنہ اوڑک کا دورہ: آپریشن شعبان کا جائزہ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم


کوئٹہ(ڈیلی قدرت)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہنہ اوڑک کے گاؤں ببری کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری ‘آپریشن شعبان’ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آپریشن شعبان میں حصہ لینے والے پولیس فورس کے جوانوں سے خصوصی ملاقات کی اور ان کی بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ فورس کے جوانوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان پا کر بھرپور مسرت کا اظہار کیا اور ان کے ہمراہ “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
بعد ازاں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہنہ اوڑک سانحے کے شہداء کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ورثاء سے دلی اظہارِ تعزیت کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ میر سرفراز بگٹی نے سوگوار خاندانوں کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں ہر ممکن تعاون اور مکمل سرکاری معاونت فراہم کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

WhatsApp
Get Alert