عوام کے ساتھ کھڑے ہیں؛ آئل ٹینکرز کی سپلائی کسی صورت بند نہیں کی جائے گی، میر شمس شاہوانی

کرپٹ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے، کرایوں پر حکومت سے مذاکرات جاری ہیں؛ چیئرمین آل پاکستان آئل اونرز ایسوسی ایشن


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آل پاکستان آئل اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر شمس شاہوانی نے واضح کیا ہے کہ ملک میں آئل ٹینکرز کی سپلائی کسی صورت بند نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں ہم پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل بلا تعطل جاری رہے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر شمس شاہوانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں صبر و تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کرپٹ مافیا کے خلاف فوری کارروائی کریں تاکہ حکومت کسی قسم کے دباؤ یا بلیک میلنگ کا شکار نہ ہو۔
کرایوں کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ان مسائل کا جلد اور مناسب حل نکالا جا سکے۔
تیل کی قیمتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھی ہیں، تاہم حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہنگائی کے باوجود حالات کو بہتر بنانے کی کوششیں کامیاب ہوں گی اور تمام مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert