دالبندین، آر سی ڈی شاہراہ پر اشیائے خورودنوش سے بھری مزدہ گاڑی اغوا، لاکھوں روپے کا سامان غائب
مسلح افراد نے کوئٹہ سے آنے والی گاڑی کو گن پوائنٹ پر سامان سمیت تحویل میں لیا، پولیس کی تحقیقات جاری

دالبندین(قدرت روزنامہ)گزشتہ روز آر سی ڈی شاہراہ پر کوئٹہ سے دالبندین آنے والی اشیائے خورودنوش سے بھری ایک مزدہ گاڑی پراسرار طور پر لاپتا ہو گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے شاہراہ پر گاڑی کو اسلحے کے زور پر روکا اور اسے مع سامان اپنے قبضے میں لے کر فرار ہو گئے۔ گاڑی میں لاکھوں روپے مالیت کی کھانے پینے کی اشیا موجود تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق تاحال گاڑی میں موجود سامان کی تفصیلی فہرست کے حوالے سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ کون کون سی اشیا شامل تھیں۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوں پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگا کر سامان اور گاڑی کو برآمد کیا جا سکے۔
