صدر آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی زندگی کے مختلف ادوار میں جمہوریت کے استحکام، وفاق کی مضبوطی اور عوامی خدمت کے لیے اہم کردار ادا کیا،میرشفیق الرحمن مینگل

وڈھ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر شفیق الرحمن مینگل نے صدرِ مملکت پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین جناب آصف علی زرداری کو ان کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں میر شفیق الرحمن مینگل نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت، جمہوری اقدار سے غیرمتزلزل وابستگی، سیاسی تدبر اور پاکستان پیپلز پارٹی کو مضبوط، متحد اور متحرک رکھنے میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی زندگی کے مختلف ادوار میں جمہوریت کے استحکام، وفاق کی مضبوطی اور عوامی خدمت کے لیے اہم کردار ادا کیا، جنھیں پاکستان و بالخصوص بلوچستان کے عوام قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری، عوامی اور وفاقی پاکستان کے وڑن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، میر شفیق الرحمن مینگل نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ایک غیرت مند، بہادر اور باوقار بلوچ رہنما ہیں، جن کی شخصیت سیاسی تجربے، اعلیٰ اقدار، روایات کی پاسداری، عہد کی وفاداری اور وعدوں کی تکمیل جیسے اوصاف سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت، ثابت قدمی اور مفاہمت پر مبنی طرزِ سیاست نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی سفر کو استحکام بخشا اور جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے ان کے کردار کو نمایاں مقام عطا کیا ہے۔میر شفیق الرحمن مینگل نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ صدر آصف علی زرداری کو صحتِ کاملہ، درازی? عمر، خوشحالی اور مزید کامیابیاں عطا فرمائے، پاکستان کو ترقی، استحکام، خوشحالی اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن رکھنے میں ان کی رہنمائی کو مزید مؤثر بنائے۔
