عوام کو معیاری اور سستی طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے: وزیر صحت بلوچستان بخت کاکڑ

دالبندین میں جدید پرنس فہد اسپتال کا قیام اور بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کے لیے جامع منصوبہ بندی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر صحت بلوچستان بخت کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو معیاری اور سستی طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے بلوچستان کی پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کے فقدان کو دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘یہ بات انہوں نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی‘ انہوں نے کہاکہ صوبائی کابینہ نے حالیہ اجلاس میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں، جن میں دالبندین میں جدید پرنس فہد اسپتال کے قیام اور ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ رولز 2025 کی منظوری شامل ہے‘ ان فیصلوں سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور اسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے اور ڈاکٹروں و طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر شہری کو علاج کی مساوی سہولت فراہم کی جائے گی، چاہے وہ شہر میں ہو یا کسی دور افتادہ دیہات میں‘بخت کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ جدید طبی آلات اور ٹیکنالوجی متعارف کروا رہی ہے تاکہ مریضوں کو وہی سہولتیں مل سکیں جو بڑے شہروں میں میسر ہیں‘انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور صحت مند بلوچستان کے خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

WhatsApp
Get Alert