انسانیت دشمن عناصر نے پورے بلوچستان کو میدانِ جنگ بنا دیا ہے، حکومت صرف اعلانات تک محدود ہے: مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

انجمن تاجران رحیم کاکڑ گروپ کی پریس کانفرنس اور جھوٹے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں


جماعت اسلامی ظلم، جبر اور لاقانونیت کے خلاف احتجاجی تحریک کو وسعت دے گی، ڈویژنل سطح پر دھرنے دیے جائیں گے: ایم پی اے ہدایت الرحمن
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ انسانیت دشمن عناصر نے پورے بلوچستان کو میدانِ جنگ بنا دیا ہے۔ صوبے بھر میں بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوٹ مار، جلا گھیرا اور شاہراہوں کی بندش کے باعث عوام خوف و ہراس اور شدید پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے عملی اقدامات کے بجائے صرف اعلانات اور تسلیوں تک محدود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ، انجینئر عبدالمجید بادینی، زاہد اختر بلوچ، مولانا عبدالکبیر شاکر، مولانا محمد عارف دمڑ، حافظ نور علی، عبدالمجید سربازی، طیب فرید خان، سلطان محمد محنتی، عبدالولی خان شاکر، روح اللہ سالار اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ دھرنے اور 3 ستمبر کی کامیاب شٹر ڈان ہڑتال کی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ تاجروں، دکانداروں اور شہریوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اجلاس میں انجمن تاجران رحیم کاکڑ گروپ کی جانب سے جماعت اسلامی کے خلاف کی جانے والی پریس کانفرنس اور جھوٹے الزامات کی بھی شدید مذمت کی گئی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی اولین ضرورت امن ہے، مگر بدامنی نے صوبے کے ہر گھر کو متاثر کر رکھا ہے۔ حکومت فوری طور پر شاہراہوں کو محفوظ بنائے، بارڈرز کو قانونی تجارت کے لیے کھولے اور پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری کا خاتمہ کرے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم، جبر، لاقانونیت اور بدامنی کے خلاف اپنی احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دے گی۔ ڈویژنل سطح پر دھرنے اور احتجاجی کیمپس لگائے جائیں گے، جبکہ عوام کے امن، روزگار اور بنیادی حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert