نہیں چاہتے کان پکڑ کر سمجھائیں، 27 ستمبر کو پتہ چلے گا ریاست رِٹ کیسے قائم کرتی ہے، طلال چوہدری
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران امن و امان کی بحالی اور ریاست کی قلمرو قائم کرنے کیلئے حکومت تمام ضروری اور قانونی اقدامات اٹھانے کا پورا اختیار رکھتی ہے؛ وفاقی وزیر مملکت کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ اسلام آباد مارچ پر سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو پتہ چل جائے گا کہ ریاست اپنی رٹ کیسے قائم کرتی ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مجوزہ مارچ کے دوران امن و امان کی بحالی اور ریاست کی قلمرو قائم کرنے کے لیے حکومت تمام ضروری اور قانونی اقدامات اٹھانے کا پورا اختیار رکھتی ہے، حکومت پی ٹی آئی کو دوبارہ اسلام آباد آمد پر کسی قسم کی شدید سختی یا کان پکڑ کر سمجھانے جیسے رویے پر مجبور نہیں ہونا چاہتی۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو 27 ستمبر کی تاریخ آنے پر سب پر واضح ہو جائے گا کہ ریاست اپنی رٹ کس طرح قائم کرتی ہے، وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ انسدادِ دہشت گردی سے متعلق وزیراعظم کے اہم سہ ماہی اجلاسوں میں شرکت کرنے سے ہمیشہ گریز کرتے ہیں، لیکن این ایف سی ایوارڈ میں اپنا حصہ بڑھانے اور وفاق سے فنڈز حاصل کرنے کے لیے انہیں فوراً وفاق کی یاد آ جاتی ہے۔
وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو اب تک این ایف سی کے تحت 700 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، جس کا مکمل اور شفاف حساب دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکمران سیاسی دھرنوں، احتجاج اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر وقت اور وسائل ضائع کرنے کے بجائے وفاق سے ملنے والے بھاری فنڈز کے درست استعمال اور عوامی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کریں۔
