ایک ہی آدمی ہے جو مانتا ہی نہیں ہے، وہ کہتا ہے میں نے نواز شریف نہیں بننا، حامد میر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) معروف اینکر پرسن شہزاد اقبال کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک بڑے بریک تھرو اور سیاسی برف پگھلانے کے لیے بیک ڈور ایک انتہائی منظم کوشش کی گئی تھی، تاہم بانی تحریکِ انصاف عمران خان کے سخت مؤقف کے باعث یہ تمام مذاکراتی کوششیں ناکام ہو گئیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کے دوران جب اینکر شہزاد اقبال نے سوال اٹھایا کہ ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ملک میں جلد کوئی بڑا سیاسی بریک تھرو ہونے والا ہے، لیکن اچانک حالات اور جذبات اتنی جلدی کیسے بدل گئے؟ اس کے جواب میں سینئر صحافی حامد میر نے انکشاف کیا کہ دونوں اطراف یعنی حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ایک بڑی، انتہائی سنجیدہ اور باقاعدہ کوآرڈی نیٹڈ کوشش کی گئی تھی جس میں دونوں اطراف کی انتہائی اہم شخصیات نے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔
ایک ہی آدمی ہے جو مانتا ہی نہیں ہے، وہ کہتا ہے میں نے نواز شریف نہیں بننا
حامد میر کی گفتگو 🔥 pic.twitter.com/VXYPGGbEUO
— Faisal Khan (@KaliwalYam) September 20, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ اس تمام کارروائی اور مذاکراتی کوششوں کے باوجود ایک ہی آدمی ہے جو مانتا ہی نہیں ہے، اور وہ کہتا ہے کہ میں نے نواز شریف نہیں بننا، میرے اس انکشاف کے بعد لازمی طور پر کسی نہ کسی پراکسی کو لانچ کیا جائے گا تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ حامد میر غلط کہہ رہا ہے لیکن حقیقت یہی ہے۔
اس حوالے سے سینئر صحافی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ تو جیل میں نہیں رہنا، ایک دن آئے گا کہ جب انہیں لازمی باہر آنا ہے اور اس وقت اس حوالے سے جب تمام حقائق اور تفصیلات عوام کے سامنے آئیں گی تو سب کو خود ہی سچائی کا پتہ چل جائے گا۔
