سابق ایم این اے علی وزیر کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں، پشتونخوامیپ
ملک میں سیاسی جمہوری روایات اور آئینی و قانونی اقدامات کو فروغ دیا جائے، پریس ریلیز

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے پریس ریلیز میں سابق رکنِ قومی اسمبلی علی وزیر کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بد قسمتی سے آئین، جمہوریت، پارلیمنٹ اور حقیقی وفاقیت کی بات کرنے پر قومی سیاسی جمہوری لوگوں کو قید و بند اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی پشتونخوامیپ روزِ اول سے مذمت کرتی آئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان ہر شخص، جماعت، یا تنظیم کو اجازت دیتا ہے کہ وہ آزادی سے اپنی رائے، پروگرام، سیاسی تنظیم کے فروغ کے لئے آواز بلند کرے اور آئین و قانون کے دائرے کے اندر اپنے نظریات کے لئے مہم چلا سکے لیکن بد قسمتی سے ملک میں آج یہ سب کچھ نایاب یا ممنوع ہو چکا ہے جس کے لئے آواز بلند کرنا ہر مترقی سیاسی جمہوری پارٹی کی ذمہ داری ہے۔آخر میں ایک مرتبہ پھر علی وزیر کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان اور دیگر تمام سیاسی اسیران کو رہا کیا جائے اور ملک میں سیاسی جمہوری روایات اور آئینی و قانونی اقدامات کو فروغ دیا جائے۔
