دارالحکومت کوئٹہ بنیادی سہولتوں سے محروم، گیس، بجلی، پانی اور آٹے کا بحران حکومتی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے: پشتونخوا نیپ

وسائل پر قبضے اور استحصالی پالیسیوں نے خطے کو بدامنی کی آگ میں جھونک دیا، عوام کو ریلیف فراہم کرنا کوئی احسان نہیں بنیادی حق ہے: نصراللہ زیرے و دیگر


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط سرکی کلاں خالق آباد علاقائی کانفرنس کا بند اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ امجد نے حاصل کی، جبکہ اسٹیج کے فرائض پارٹی کے ضلعی سینئر معاون سیکریٹری ندا سنگر نے انجام دیے۔کانفرنس میں علاقائی سیکریٹری نے گزشتہ تین سال کی تنظیمی و سیاسی کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس کا سینکڑوں مندوبین نے جائزہ لینے کے بعد منظوری دی۔ کانفرنس میں نئے علاقائی ایگزیکٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے مطابق ملک شاہد خان کاسی سیکریٹری، ڈاکٹر ظاہر شاہ سینئر معاون سیکریٹری، جبکہ محمد حیات خان بڑیچ، عبدالرحمان خان، زوہیب خان کبزئی، ملک آصف خان کاسی، ملک عبدالقدیر کاسی اور اقبال چند معاونین منتخب ہوئے۔ پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے نومنتخب ایگزیکٹو سے حلف لیا۔کانفرنس کے موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکریٹری حاجی اعظم خان مسے زئی، صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال قاسی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز عبدالرزاق خان بڑیچ، رحمت اللہ صابر اور علی محمد ترین، جبکہ ضلع کوئٹہ کے معاون سیکریٹریز صدیق مشوانی، عصمت اللہ ترین، محمد رسول ترین اور امین اللہ کاکڑ اسٹیج پر موجود تھے۔کانفرنس کے کھلے اجلاس سے پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، مرکزی سیکریٹری حاجی اعظم خان مسے زئی، عبدالرزاق بڑیچ، فقیر خوشحال قاسی، ملک شاہد خان کاسی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر سرکی کلاں خالق آباد کے تمام کارکنوں، بالخصوص سابقہ کابینہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔مقررین نے کہا کہ ایک مضبوط، منظم اور نظریاتی سیاسی پارٹی ہی اپنے عوام کی امنگوں اور قومی ارمانوں کی تکمیل کر سکتی ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مختلف تنظیمی اداروں کی کانفرنسوں کا مسلسل انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی عوام کے درمیان جا کر انہیں اپنی صفوں میں منظم کر رہی ہے۔ ہر کانفرنس میں نئے لوگوں کی شمولیت پارٹی کی عوامی مقبولیت اور تنظیمی فعالیت کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی، انقلابی اور نظریاتی جماعتوں نے اپنی قوموں کی ترقی، خوشحالی، برابری اور خودمختاری کے حصول میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ چین سمیت متعدد ممالک کے ترقیاتی تجربات اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ منظم سیاسی قیادت، واضح نظریہ اور اجتماعی جدوجہد قومی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اسی طرح کئی ممالک نے فلاحی ریاستوں کا قیام عمل میں لا کر اپنے عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی ہیں۔مقررین نے ملک کے حکمران اشرافیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے جاری استحصالی پالیسیوں کے نتیجے میں پشتون، بلوچ، سندھی اور سرائیکی اقوام کو ان کے بنیادی قومی، جمہوری اور معاشی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان اقوام کے وسائل پر قبضہ کیا گیا اور ان کے علاقوں میں دہشت گردی اور بدامنی مسلط کی گئی، جس کے باعث بالخصوص پشتون عوام آج اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقررین نے کوئٹہ شہر میں عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس کی عدم فراہمی اور کم دباؤ، پانی کی شدید قلت، بڑھتی ہوئی مہنگائی، آٹے کے بحران، بے روزگاری اور امن و امان کی خراب صورتِ حال نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عدم دستیابی نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام کے لیے اپنے خاندانوں کی کفالت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بجلی اور گیس کی بندش سے گھریلو صارفین، طلبہ، کاروباری طبقے اور محنت کشوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ پانی کی قلت نے شہریوں کی روزمرہ زندگی اور صحت کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود بنیادی شہری سہولتوں سے محروم ہے، جو متعلقہ حکام اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی، گیس کی بلا تعطل فراہمی، پانی کے بحران کے مستقل حل، آٹے کی مناسب قیمت پر دستیابی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام، مہنگائی پر قابو پانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ عوام کو بنیادی سہولتوں اور اشیائے خورونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔مقررین نے زور دیا کہ پشتونخوا وطن کے عوام کو درپیش قومی، سیاسی، معاشی اور امن و امان کے مسائل کے خاتمے کے لیے ایک منظم، فعال اور نظریاتی سیاسی پارٹی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تنظیمی اداروں کو مزید مضبوط بنائیں، عوام کے ساتھ اپنے رابطے مستحکم کریں اور قومی حقوق، جمہوریت، سماجی انصاف، خودمختاری اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مؤثر بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert