سرکاری ملازمین ہوشیار، نیا ہدایت نامہ جاری


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین کو دفتری اوقاتِ کار کا پابند بنانے کے لیے محکمہ خزانہ نے تمام افسران اور دفتری عملے کے لیے صبح 9 بجے حاضری یقینی بنانے اور اسمارٹ اٹینڈنس ایپ کے ذریعے روزانہ حاضری درج کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے سرکاری اوقاتِ کار پر سختی سے عمل درآمد کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن اور سرکلر جاری کر دیا ہے، جس میں تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 9 بجے اپنی ڈیوٹی پر موجودگی یقینی بنائیں۔
سرکلر کے مطابق تمام ملازمین روزانہ اپنی حاضری اسمارٹ اٹینڈنس ایپ کے ذریعے درج کروانے کے پابند ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دفتری اوقات کی خلاف ورزی اور ملازمین کی تاخیر سے آمد کے باعث سرکاری امور، عوامی مسائل کے حل اور اہم فائلوں پر پیشرفت متاثر ہو رہی ہے۔
محکمہ خزانہ نے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور حاضری کے نظام پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ تاخیر سے آنے یا حاضری کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف بلا رعایت سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert