حکومت کا فیول ریلیف اسکیم کے مستحقین کی تعداد 2 کروڑ تک بڑھانے پر غور

پیٹرول ریلیف پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 1 کروڑ 27 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ کرنے کی تجویز زیر غور، حتمی فیصلہ اور عمل درآمد کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے عوام کو بڑھتے ہوئے سفری اخراجات سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول ریلیف اسکیم کے دائرہ کار میں توسیع پر غور شروع کردیا ہے، جس کے تحت مستحقین کی تعداد 1 کروڑ 27 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے بتایا ہے کہ پیٹرول ریلیف پروگرام میں توسیع کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی حکومت کی جانب سے عمل درآمد کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔
موجودہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت اہل موٹر سائیکل سواروں، تھری وہیلر استعمال کرنے والوں اور 800 سی سی سے کم انجن کی گنجائش رکھنے والی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے تک ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔
حکومت پروگرام کو مزید مؤثر بنانے اور بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹ لاگت سے متاثرہ شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
مجوزہ توسیع کی منظوری کی صورت میں مزید لاکھوں افراد اس اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے اور مجموعی مستحقین کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔
تاہم ریلیف کی نئی رقم، اہلیت کے معیار اور رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے پروگرام میں تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان ہونے تک موجودہ قواعد و ضوابط ہی نافذ العمل رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert