پاکستان کے لیے بڑی معاشی خوشخبری: چین اور کویت کی 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چین اور کویت نے پاکستان کو مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں چین اور کویت نے مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ریلیف میں چین سے 4 ارب ڈالر اور کویت سے 30 کروڑ ڈالر کا قرض رول اوور کرایا جائے گا۔ اس طرح سعودی عرب، چین اور کویت جیسے دوست ممالک سے مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر کا قرض رول اوور ملنا طے پایا ہے، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی فنانسنگ کے دباؤ کو کم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ چین سے ملنے والے 4 ارب ڈالر کے قرض کو آئندہ سال مارچ 2027 میں رول اوور کرایا جائے گا، جبکہ ان تینوں برادر ممالک سے یہ قرضے تقریباً ایک سال کی مدت کے لیے رول اوور کرائے جا رہے ہیں۔
رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر 21 ارب ڈالر کی بیرونی ادائگیوں کے فرائض سرانجام دینے ہیں، جن میں سے 7.3 ارب ڈالر کے یہ رول اوورز بھی شامل ہیں
دوسری جانب وزیرِ خزانہ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کو رواں سال دسمبر کے مہینے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی طرف سے بھی 1.21 ارب ڈالر کی نئی قسط موصول ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مالیاتی اقدامات اور دوست ممالک کے تعاون سے ملک کی معاشی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
