شیرانی: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدارت ضلع شیرانی کا مشاورتی جرگہ منعقد


شیرانی (قدرت روزنامہ): پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدارت ضلع شیرانی کا مشاورتی جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے کا آغاز تلاوت قرآن پاک کی آیات سے کیا گیا۔ جرگے میں ضلع شیرانی کے کارہندہ جرگے کا انتخاب کیا گیا۔ جرگے میں سردار ایوب خان شیرانی اور سردار عبدالرحیم عرفان نے پشتنی عزت و وقار کے ساتھ دستار پہنائی۔
جرگے سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، ڈاکٹر قطب الدین شیرانی، امان اللہ حریفال، مولوی سمیع اللہ اور دیگر نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے وطن کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ آپ سب کے سامنے ہیں، سرکاری سرپرستی میں پراکسیز اور سرکاری ایجنٹوں کے ذریعے بدامنی، ڈاکہ زنی اور لوٹ مار جاری ہے، صوبے کی تمام بڑی شاہراہیں سفر کے لیے غیر محفوظ ہو چکی ہیں اور اضلاع کے اندر پراکسیز کا راج قائم ہو چکا ہے۔ ہمارے تھانے ان کے حوالے کیے گئے ہیں، ہر طرف بدامنی کا دور دورہ ہے اور لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کا غیر قانونی عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم سے آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کا تصور پامال ہو چکا ہے۔ ملک میں انصاف فراہم کرنے والے ادارے کا معیار انتہائی پست تھا اور اب دنیا بھر میں ہماری عدلیہ کی جگ ہنسائی جاری ہے۔ میڈیا کے خلاف جاری پابندیوں اور قدغنوں نے حق و صداقت کی آواز اٹھانے والوں کو ملک میں غدار اور وطن فروش جبکہ رشوت خور، پرسنٹ پرست اور لوٹ مار کرنے والوں کو اچھے پاکستانی کا سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج صوبے میں محکمانہ ذمہ داری یا محکمانہ کام کا خاتمہ کیا گیا ہے، اضلاع میں کرنل صاحبان سب کچھ کے مالک بن چکے ہیں اور اربوں روپے کی غیر معیاری اور ضمیر فروشی کی اسکیمیں ضمیر فروشوں کو نوازنے کا مکروہ دھندہ کرنل صاحبان کے ہاتھوں جاری ہے۔ سویلین اتھارٹی ختم کردی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور سیکرٹریز صرف نام کے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متنازعہ غیر آئینی و غیر قانونی مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے پاس ہوتے ہی صوبے میں مکمل بدامنی پھیلا دی گئی ہے اور ہمارے معدنی خزانوں کو اونے پونے داموں غیروں کے حوالے کیا جا رہا ہے اور وطن اور سرزمین کے مالک ہونے کی ہماری حیثیت ختم کی جا رہی ہے۔ سرکاری طور پر اعلان شدہ جنگلاتی علاقے، جن میں ہمیں گھر یا باغ لگانے اور زمین داری کرنے کی قانونی اجازت حاصل تھی، آج جنگلات کی زمین لوگوں سے پوچھے بغیر فارم 47 کی طرح منتقل کیے گئے ہیں، جو ہمیں ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج صوبے میں گیس، بجلی اور پینے کا صاف پانی مہیا نہیں، زیرِ زمین پانی کی سطح تیزی سے گرتی جا رہی ہے اور یہ خطرناک حد تک گر چکا ہے، لیکن بدقسمتی سے فارم 47 کی مسلط حکومت کی پانی کو ذخیرہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت دور دراز علاقوں میں نہ ہونے کے باعث بنیادی سہولیات عوام کو حاصل نہیں۔ حکومت کی جانب سے ہر طرف مایوسی اور مکمل ناامیدی ہے۔
ایسی صورتحال میں ہم اعلان کرتے ہیں کہ تمام پشتون اضلاع، پشتون قوم اور عوام کا نمائندہ جرگہ بنا کر حکومت کے اقدامات کے خلاف اور عوام کی حق حکمرانی سمیت تمام انسانی اصولوں، اقدار اور اعلیٰ روایات اور آئینی، سیاسی، جمہوری روایات کے تحت اپنے عوام کی حق حکمرانی کی بحالی کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔ حکومتی ناکامی، نااہلی اور بے صلاحیت اور بے اختیاری کی جگہ جرگہ معززین سے تمام شعبہ جات، گھریلو جھگڑوں کا تصفیہ، تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز اور انتظامیہ کے ناکام اداروں کے خلاف آواز بلند کرے گی اور تمام سرکاری اداروں کے سلب شدہ اختیارات کی بحالی اور انہیں عوام کی خدمت میں مامور کرنے پر مجبور ہوگی۔
جرگے میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جمال خان مندوخیل اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert