ساحل و وسائل پر عوامی اختیار اور آئینی و جمہوری جدوجہد ہی بلوچستان کے مسائل کا پائیدار حل ہے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کی جانب سے پارٹی کے بانی رہنما اور سابق مرکزی سیکرٹری جنرل شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی برسی کے موقع پر جاری کردہ بیان میں انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ بلوچ قومی سیاست میں جمہوری، ترقی پسند اور نظریاتی جدوجہد کی ایک توانا آواز تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچ عوام کے قومی و سیاسی حقوق، ساحل و وسائل پر اختیار، عوامی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ بیان کے مطابق انہوں نے مشکل ترین سیاسی حالات میں بھی اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کو قومی مسائل کے حل کا مثر راستہ قرار دیا۔نیشنل پارٹی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی سیاست کا محور ذاتی مفادات یا اقتدار کا حصول نہیں بلکہ اجتماعی قومی مفادات اور ایک بااختیار و خوشحال بلوچستان کا خواب تھا۔ انہوں نے نیشنل پارٹی کی تنظیم سازی، کارکنوں کی سیاسی تربیت اور پارٹی کے جمہوری تشخص کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا، جبکہ وہ اختلافِ رائے کو سیاسی عمل کا لازمی حصہ سمجھتے تھے اور دلیل و مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے تھے۔بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ آج بلوچستان جن سنگین سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل، بے روزگاری، تعلیمی و طبی پسماندگی اور بنیادی شہری حقوق کی محرومیوں سے دوچار ہے، ان کا حل محض وقتی اعلانات یا انتظامی اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عوام کے حقیقی سیاسی اختیار، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی ناگزیر ہے۔ نیشنل پارٹی نے اعادہ کیا کہ صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے سیاسی مکالمے اور جمہوری رویوں کو فروغ دینا ہوگا، جبکہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی فکر اور سیاسی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔
