حکومتِ بلوچستان کے “کومک پروگرام” کے ثمرات ضلع لسبیلہ پہنچنا شروع، مستحق خصوصی افراد میں مالی امداد اور ٹرائی موٹر سائیکلوں کی تقسیم


اوتھل (قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان کی جانب سے خصوصی (معذور افراد)کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کا باعزت اور خودمختار شہری بنانے کے لیے شروع کیے گئے کومک پروگرام کے ثمرات ضلع لسبیلہ کے مستحق خصوصی افراد تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ کے 20 مستحق خصوصی افراد کو 8 ہزار روپے جبکہ بچوں کو 6 ہزار روپے کی پہلی قسط کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، جبکہ تقریبا 11 خصوصی افراد کو ٹرائی موٹر سائیکلیں بھی فراہم کی جانے لگی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کومک پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ کے خصوصی افراد کی رجسٹریشن، فارموں کی تیاری اور ضروری دستاویزی کارروائی کو مکمل کرنے کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران اور متعلقہ عملے نے اہم کردار ادا کیا۔ سوشل ویلفیئر آفیسر لسبیلہ عبدالصمد رونجھو، آفیشل محمد اسماعیل، عقیل قمر، سوشل ویلفیئر آفیسر بیلہ خالد پرویز، آفیشل پرویز شیخ اور شبیر رونجھو کی جانب سے خصوصی افراد کی بھرپور رہنمائی اور تعاون کیا گیا، جس کے نتیجے میں مستحق افراد کے فارم مکمل کرکے پروگرام میں شامل کرنے کا عمل آگے بڑھا۔ کومک پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ سے تقریبا 180 خصوصی افراد کے فارم جمع کروائے گئے ہیں، جن میں پہلے مرحلے میں 20 مستحق افراد کو مالی معاونت کی پہلی قسط ملنا شروع ہوگئی ہے، جبکہ دیگر مستحق افراد کو بھی آئندہ مراحل میں پروگرام سے مستفید ہونے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ تقریبا 11 خصوصی افراد کو ٹرائی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے، جو ان کی آمدورفت اور روزمرہ زندگی میں خودمختاری کے حوالے سے ایک اہم سہولت ثابت ہوگی۔اس موقع پر کومک پروگرام کے ڈائریکٹر منیر قمبرانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سراج احمد بلوچ کی جانب سے بھی اس منصوبے کو ضلع لسبیلہ تک مثر انداز میں پہنچانے اور خصوصی افراد کو حکومتی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں مالی معاونت، سفری سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کومک پروگرام کے دوسرے مرحلے میں بھی ضلع لسبیلہ کے باقی ماندہ رجسٹرڈ خصوصی افراد کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس فلاحی منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert