کولپور میں 8 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے، وزیراعلی بلوچستان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کولپور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم عناصر کے لیے اب کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی۔ کولپور میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت اہم کامیابی ہے۔اپنے بیان میں وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور قومی شاہراہوں پر معمولات زندگی متاثر کرنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔ بلوچستان کی سرزمین پر امن دشمن عناصر کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کے حملے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں نے وطن کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہدا کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کو عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دیگر تخریبی ذرائع کا استعمال ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔ دہشت گردی کے بدلتے طریقہ کار کے پیش نظر ریاستی ادارے اپنی حکمت عملی اور استعداد کار کو مزید مثر بنا رہے ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں پر عوام کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ بلوچستان میں پائیدار امن، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے صوبے کی ترقی کا سفر روکنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی حکمت عملی پر پوری قوت سے عملدرآمد جاری رہے گا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے ملک میں پائیدار امن کی منزل حاصل کی جائے گی۔ بلوچستان حکومت امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert