حکومت کو تنقید برداشت کرنی چاہیے، بلاول کا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ سیاسی انتقامی کارروائیوں پر ردِعمل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ سیاسی انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔
پیپلز پارٹی کے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مولانا فضل الرحمان اور وفاقی حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ، صوبے کے سیاسی و معاشی حقوق کے معاملے پر دونوں جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔
پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے۔ جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار اہم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مولانا سے کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام نے اتوار کو خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جن میں پارٹی قیادت کے خلاف مبینہ پروپیگنڈے اور تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں پر احتجاج کیا گیا۔
جے یو آئی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ احتجاج کا مقصد مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مبینہ جعلی بیانات، ویڈیوز اور پروپیگنڈے کی مذمت کرنا ہے۔
واضح رہے کہ نومبر کے اوائل میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ کے باہر ایک نوٹس چسپاں کیا تھا جس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کا ذکر تھا۔
سی ڈی اے نے مولانا کی رہائش گاہ کے عقب میں غیر قانونی تعمیرات، سکیورٹی گارڈ کے کیبن اور جنریٹر کی تنصیب پر اعتراض اٹھایا تھا۔
مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود نے سی ڈی اے کی اس کارروائی کو ”سیاسی انتقامی اقدام“ قرار دیا تھا۔
اس معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ غلط فہمی کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی کے تحت مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر موجود مبینہ تجاوزات نہیں ہٹائی جائیں گی۔
اتوار کو ہونے والے احتجاج میں جے یو آئی نے خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کے انتظام اور استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معدنیات کی تلاش، نقل و حمل کے حوالے سے غیر ملکی ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں۔
مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت معدنی وسائل کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے اور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو مسلسل حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ سیاسی محاذ آرائی کم کرکے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔
10 نومبر کو بلاول بھٹو نے سیاسی نظام کو نئے سرے سے فعال بنانے کے لیے ’سیاسی ری سیٹ‘ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ اپوزیشن سے رابطوں سے پہلے حکومتی اتحادیوں کا اعتماد بحال کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ محاذ آرائی کے بجائے مل کر کام کرنا چاہیے، خصوصاً ایسے وقت میں جب پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کو ایران پر امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ حکومت کو سیاسی مخالفین کے خلاف نئے محاذ کھولنے کے بجائے اپنے اتحادیوں اور اپوزیشن کے ساتھ اعتماد سازی کرنی چاہیے۔
