بلاول ابھی کم بولے ہیں، ان کے پاس بولنے کو اور بھی بہت کچھ ہے، حامد میر کا تجزیہ

شاید وہ ابھی اپنی بغاوت کو صرف وزیراعظم اور ان کی کابینہ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں تا کہ سسٹم ’ری سیٹ‘ ہو جائے، اگرسسٹم ’ری سیٹ‘ نہ ہوا تو پھر ایک بڑی بغاوت ہوسکتی ہے؛ سینئر صحافی کا کالم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کراچی پریس کلب میں کی گئی حالیہ پریس کانفرنس پر اپنا تجزیاتی تبصرہ پیش کرتے ہوئے اسے بیک وقت ایک اعترافِ جرم اور سیاسی وارننگ قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بخوبی جانتے تھے کہ سامنے بیٹھے صحافی ان کی گفتگو میں سے کئی تضادات تلاش کرلیں گے اسی لیے انہوں نے خود ہی یہ تسلیم کر لیا کہ موجودہ نظام کی تباہی میں ان کا بھی حصہ رہا ہے۔
اس حوالے سے حامد میر نے اپنے کالم میں لکھا کہ یہ حقیقت سب پر عیاں ہے کہ شہباز شریف کی وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے ووٹوں کے سہارے قائم ہے تاہم بلاول بھٹو کی گفتگو میں بار بار اسی حکومت کے وزراء سے شکوے شکایتیں جاری رہیں، بلاول بھٹو نے ناصرف ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے بنانے کی تجویز کو مسترد کیا بلکہ 27ویں آئینی ترمیم کو جبری اکثریت کا نتیجہ قرار دے کر یہ واضح پیغام دیا کہ وہ آئندہ ایسے کسی جبر کے تحت 28ویں ترمیم کی حمایت نہیں کریں گے۔


تجزیہ کار کا مؤقف ہے کہ بلاول بھٹو نئے صوبوں کے معاملے پر حکومتی حمایت چھوڑ کر اپوزیشن میں بیٹھنے کے لیے ذہنی طور پر تیار نظر آتے ہیں، اس وقت پیپلز پارٹی کے پاس صدرِ مملکت، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی گورنرشپ، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی جیسے اہم عہدے موجود ہیں جب کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وزارتِ اعلیٰ اسے اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر ملی ہے، حکومت کی حمایت چھوڑنے کی صورت میں پیپلزپارٹی کو صرف چند اہم وفاقی عہدے قربان کرنا ہوں گے، اخلاقی طور پر بلاول بھٹو کو جوڈیشل کمیشن کی رکنیت بھی چھوڑنا ہوگی جو انہوں نے حکومتی کوٹے میں حاصل کی تھی۔
حامد میر نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں نئے صوبے بنانے کے لیے تیار ہے کیونکہ ان دونوں صوبوں کی اسمبلیاں اس کے حق میں قراردادیں منظور کر چکی ہیں لیکن بلاول کسی بھی قیمت پر سندھ میں نیا صوبہ بنانے کے لیے تیار نہیں کیونکہ سندھ اسمبلی ایک سے زائد بار صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہے، بلاول بھٹو کو خدشہ ہے کہ اگر ریفرنڈم کروایا گیا تو الیکشن کمیشن کے ذریعے من پسند نتیجہ حاصل کر کے زور زبردستی سے نئے صوبے بنا دیئے جائیں گے۔
سینئر صحافی نے مزید کہا کہ سندھ کی تقسیم صرف پیپلز پارٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ سندھ کی تمام قوم پرست جماعتیں بھی اس کے خلاف ہیں، صرف ایم کیو ایم پاکستان سندھ کی تقسیم چاہتی ہے، اسی لیے بلاول بھٹو نے خون خرابے کا خدشہ ظاہر کیا کیونکہ ماضی میں وہاں خوفناک لسانی فسادات دیکھے جا چکے ہیں، آج جب بلاول کی اپنے اتحادیوں سے لڑائی شروع ہو رہی ہے تو اگرچہ بظاہر یہ تماشہ لگتا ہے لیکن یہ سب کو مہنگا پڑ سکتا ہے اور خدانخواستہ سندھ میں حالات خراب ہو سکتے ہیں، آج اگر بلاول سندھ کی تقسیم کے مسئلے پر حکومت سے ناراض ہیں تو ان کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس کے پس منظر کو سمجھنا ضروری ہے۔
حامد میر نے کہا کہ بلاول ابھی بہت کم بولے ہیں اور شاید وہ اپنی بغاوت کو فی الحال وزیراعظم اور کابینہ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں تاکہ سسٹم ری سیٹ ہو جائے لیکن اگر سسٹم ری سیٹ نہ ہوا تو ایک بڑی بغاوت جنم لے سکتی ہے جس کے نتیجے میں جنرل ضیاء الحق کے دور میں واپسی کا خطرہ نظر آ رہا ہے جب وفاق اور سندھ آمنے سامنے آ گئے تھے اور اس وقت کے آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ کے دعوے کے مطابق مقتدرہ کو پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایم کیو ایم بنوانا پڑی تھی۔

WhatsApp
Get Alert